اسلامیہ یونیورسٹی بھاولپور میں جشن آزادی کی تقاریب

بھاولپور ( علی رضا غوری سے ) پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورنے جشن آزادی کے سلسلے میں جامعہ اسلامیہ میں جاری مختلف تقاریب کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ وطن عزیز اُن لازوال قربانیوں کا مرہون منت ہے جو ہمارے آباؤ اجداد نے قیام پاکستان کے وقت دیں۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن کا اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا دورہ وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب میں شرکت
نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہے جو تعلیمی اِداروں میں قوم کی امانت ہیں۔ ہمارے اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ اس قیمتی اثاثے کی صحیح خطوط پر تربیت کریں اور اُنہیں کامیاب اور فعال شہری بنائیں جو قومی اور بین الاقوامی چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کر سکیں۔
پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورنے کہا کہ دورِ حاضر علمی معیشت کا دور ہے اور وہی قومیں کامیاب ہو سکتی ہیں جو جدید علم وہنر سے آشنا ہیں۔ہمیں اپنے نوجوانوں کو جدید علوم سے لیس کرنا ہوگا تاکہ یہ افرادی قوت ہمارا سرمایہ بنے اور یہی سرمایہ ہماری ترقی کی بنیاد بنے۔ ہماری تقدیر ہمارے اپنے ہاتھوں میں ہے اور ہم جس قدر محنت کریں گے پاکستان کا مستقبل اس قدر تابناک ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: 14اگست کا دن پاک وہند کےمسمانوں کےعزم صصیم اورجہد مسلسل کی یاد دلاتا ہے،ڈاکٹر شازیہ انجم
ڈیپارٹمنٹ آف پاکستان سٹڈیز کے زیر اہتمام ایک تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر آفتاب حسین گیلانی چیئرمین شعبہ پاکستان سٹڈیز نے کہاکہ آزادی کی خواہش ہرشخص اور قوم میں موجود ہوتی ہے۔ برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ مملکت قائد اعظم محمد علی جناح کی رہبری میں حاصل ہوئی جو بلاشبہ گزشتہ صدی کی سب سے عظیم اور قدآور سیاسی شخصیت ہیں۔
پاکستان ہی ہماری اصل شناخت ہے جو ہمیں آزادی اور خودمختاری عطا کرتی ہے اور یہی شناخت ہماری سماجی، سیاسی اور معاشی انفرادیت کا باعث ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر روزینہ انجم نقوی اور دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں فیکلٹی ممبران، افسران اور طلبہ وطالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی