جنوبی پنجاب کی عوام کے لئے ایک اور خوشخبری !
ملتان: (واصب ابراہیم غوری سے) وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاور جمیل نے ملتان میں نئے قائم ہونے والے ریجنل آفس وفاقی انشورنس محتسب ملتان کا افتتاح کیا اس موقع پر وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاورجمیل کو پنجاب پولیس کے چاک و چوبند دستہ نے گارڈ آف آنر پیش کیا اس افتتاحی تقریب میں ریجنل آفس وفاقی انشورنس محتسب ملتان کے ایڈوائزر انچارج محمد اعظم جوئیہ ، ریجنل آفس وفاقی محتسب کے انچارج محمد فرحان سکندر کھوسہ اور ملتان کی اعلیٰ انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے-
بعد ازاں وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاور جمیل نے ایوان صنعت و تجارت ملتان میں ریجنل آفس وفاقی انشورنس محتسب دفترکے قیام کے موقع پر آگاہی سیمینار کی صدارت کی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نئے دفتر میں انشورنس پالیسی ہولڈرز ،انشورنس کمپنیوں سے متعلق اپنی شکایات اور مسائل ملتان آفس میں لیکر آئیں ان کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ملتان میں دفتر کے قیام سے عوام کے قیمتی وقت اور سفری اخراجات کی بچت ہوگی انہوں نے کہا کہ ہم انشورنس کمپنی اور پالیسی ہولڈرز دونوں فریقوں کو سن کر فیصلہ دیتےہیں اور ہماری کوشش ہوتی ہے کہ کسی کو فیصلہ کے خلاف صدر پاکستان کے پاس اپیل نہ کرنی پڑے اور دونوں فریقوں کےمعاملات افہام وتفہیم کے ذریعے حل ہوجائیں انہوں نے کہا ہم نے ملک کی بہتری کیلئے کام کرنا ہے اور ہم گراس روٹ لیول تک عوام کیلئے آسانیاں پیدا کررہے ہیں اس مقصد کیلئے ہم نے انشورنس کمپنیوں کے شرائط فارم کو اردو میں بھی متعارف کروایا ہے اور فارم کی لکھائی کو موٹے لفظوں میں تبدیل کیا ہے تاکہ انشورنس پالیسی لینے والا ہر فرد اس کو آسانی سے پڑھ اور سمجھ سکے تاکہ بعد میں دونوں فریقوں میں مسائل پیدا نہ ہوں- آخر میں وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاور جمیل نے انشورنس پالیسی ہولڈرز افراد اور انشورنس کمپنیوں کے افسران کے ایک دوسرے کے درمیان درپیش مسائل کو غور سے سنا اور ان کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی –
سیمینار میں ڈاکٹر ارشاد احمد کمشنر ‘ ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان’ عبدالودود ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل ‘ایڈوائزر پنجاب محتسب قاضی اشفاق قریشی،آصف عباس خان ڈائریکٹر کسٹمز،محمود جاوید بھٹی’سلیم خان نیازی ایس ایس پی، عمران کشور اے آئ جی، سلیم رضا آصف ایڈوائزر ٹیکس محتسب’ فرحان کھوسہ ڈپٹی ڈائریکٹر وفاقی محتسب ‘میاں رفیق آرائیں، نوید اقبال چغتائ وی پی ایم سی سی آئی’ ایوان صنعت و تجارت ملتان کے صدر خواجہ محمد حسین’
و دیگر ایوان کے ممبران ، تاجر حضرات ، انشورنس پالیسی ہولڈرز اور معروف انشورنس کمپنیوں کے عہدیداروں نے شرکت کی –