نوجوانوں کو انٹرینیورشپ کی طرف راغب کرنے کیلئے حکومت مزید سازگار پالیسیاں تشکیل دے۔ شکیل منیر
اسلام آباد (عثمان صادق سے ) محمد شکیل منیر، صدر، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور حکومت نوجوانوں کو انٹرپرینیورشپ کی طرف راغب کر کے ان کی صلاحیتوں سے بہتر فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے لہذا حکومت اس مقصد کیلئے مزید سازگار پالیسیاں تشکیل دے تا کہ نوجوان کاروبار شروع کر کے نہ صرف اپنی زندگی خوشحال بنا سکیں بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی فعال کردار ادا کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امان شیخ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوس فارما کے ہمراہ بطور مہمان خصوصی میٹروپولیٹن انٹرنیشنل یونائیٹڈ کالج اور روٹس انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز اسلام آباد میں انٹرپرینیور شپ ویک کا افتتاح کرنے کے بعد کیا۔ انہوں نے نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے روٹس انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی سکلز ڈویلپمنٹ پر بھی خصوصی توجہ دیں کیونکہ تعلیم و ہنر کے ذریعے ہی طلبا ایک کامیاب زندگی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کامیاب جوان پروگرام جیسے مزید پروگرام متعارف کرائے جس سے نوجوانوں کو کاروبار سمیت دیگر شعبوں میں ترقی کے بہتر مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے اس موقع پر طلباء کو کامیاب انٹرپرینیور بننے کے لیے بہت سے مفید مشورے دیے۔
ڈیوس فارما کے چیف ایگزیکٹو آفیسر امان شیخ نے اپنے خطاب میں نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کلچر کی حوصلہ افزائی کیلئے روٹس انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سکولوں اور کالجوں میں اس طرح کے پروگرام باقاعدگی کے ساتھ منعقد کئے جائیں تاکہ طلباء میں کاروباری صلاحیتوں کو بہتر اجاگر کیا جا سکے۔
روٹس انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجز کے چیف ایگزیکٹو ولید مشتاق نے اپنے مختصر خطاب میں دونوں معزز مہمانوں کا پروگرام میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی موجودگی سے طلباء کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور طلبا ان کے خیالات سے کافی مستفید ہوں گے۔
روٹس انٹرنیشنل سکولز اینڈ کالجز ہر سال انٹرپرینیورشپ ویک کا اہتمام کرتے ہیں جس کا مقصد طلباء کی انٹرپرینیورشپ صلاحیت کو فروغ دینا ہے۔ روٹس انٹرنیشنل اسکولز اینڈ کالجزگلوبل انٹرپرینیورشپ نیٹ ورک کا ایک قابل فخر پارٹنر ہے جو انٹرپرینیورشپ کلچر کی حوصلہ افزائی کے لیے کام کرتی ہے۔ طلبا انٹرپرینورشپ ویک کی ہفتہ وار سرگرمی کے دوران انٹرپرینیورز کی مشاورت سے مختلف بزنس تجاویز تیار کریں گے جن کو اختتامی تقریب میں پیش کیا جائے گا۔ ممتاز کاروباری شخصیات اور دیگر بااثر سپیکرز مختلف کاروبار کے مختلف موضوعات پر لیکچر دیں گے جبکہ پینل کی سطح پر بھی بحث و مباحث کا اہتمام کیا جائے گا۔ طلبا اس سرگرمیں میں اپنے بزنس آئیڈیاز بھی پیش کریں گے جن کی جانچ پڑتال ممتاز بزنس مین کریں گے۔