وزیر اعظم عمران خان ملک اور آنے والی نسلوں کا سوچتے ہیں۔ فرخ حبیب
اسلام آباد۔ (مبشر بلوچ سے ):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک اور آنے والی نسلوں کا سوچتے اور ان کے لئے اقدامات اٹھاتے ہیں، عمران خان کی قیادت میں حکومت نے ملک بھر میں طبقاتی نظام تعلیم کو ختم کر کے یکساں نظام تعلیم نافذ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا
وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ کپتان عمران خان کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم نے1992کاکرکٹ ورلڈ کپ اپنے نام کیا‘جو کہتے تھے کہ شوکت خانم ہسپتال نہیں بنے گاوہ دیکھ لیں کہ مزید دو کینسر ہسپتال بن چکے ہیں‘پاکستان کے غیور عوام سالانہ 10ارب روپے کے عطیات شوکت خانم ہسپتال کو دیتے ہیں جس کے ذریعے غریبوں کا مفت علاج ہورہا ہے‘عمران خان ہمیشہ چور راستے سے اقتدار کے خلاف تھے‘تبدیلی اور نئے پاکستان کی شمع لے کر عمران خان نے 22سال جدوجہد کی‘ انصاف‘ کا پیغام گلی گلی‘کوچے کوچے تک پہنچایا‘ میانوالی میں نمل یونیورسٹی کے ساتھ ایک مکمل نالج سٹی بننے جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو پنجاب‘ کے پی کے‘ بلوچستان‘آزادوجموں کشمیر‘ گلگت بلتستان میں حکومت کر رہی ہے‘وزیراعظم عمران خان ملک اور آنے والی نسلوں کا سوچتے اور ان کے لئے اقدامات اٹھاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں حکومت نے ملک بھر میں طبقاتی نظام تعلیم کو ختم کر کے یکساں نظام تعلیم نافذ کیا ہے۔
گذشتہ 70سالوں میں یکساں نظام تعلیم کے لئے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ1967کے بعد پاکستان میں کوئی ڈیم نہیں بنا‘وزیراعظم عمران خان نے مہمند ڈیم‘ داسو ڈیم‘ سندھ بیراج سمیت 10بڑے آبی ذخائر پر کام شروع کیا‘ان منصوبوں کی تکمیل سے 10ہزار سستی بجلی پیدا ہو گی اور ایک کروڑ 30لاکھ ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی پوری آبادی کو صحت انصاف کارڈ فراہم کیا جاچکا ہے‘ پنجاب میں صحت کارڈ فراہمی کا آغاز ہوگیا ہے‘ احساس پروگرام کے تحت 2لاکھ سکالرشپ دیئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ٹی ٹیز‘ جعلی اکاؤنٹس‘ بیرون ممالک میں اپنے لئے فلیٹس نہیں بنائے بلکہ چھت سے محروم لوگوں کو چھت فراہمی پر توجہ مرکوز کی‘ گھر بنانے کے لئے225ارب روپے مالیت کی درخواستیں موصول ہوئیں‘ 30ارب قرض جاری کر دیئے گئے ہیں۔3سالوں میں 1700کلومیٹر سڑکیں بنائیں‘ کے پی کے واحد صوبہ ہے جس نے اپنی موٹر وے (مردان سوات) بنائی،6ہزار کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے جاری ہیں۔
ن لیگ کے دورمیں پنجاب کا ترقیاتی بجٹ 635ارب تھا جسے ہم نے بڑھا کر 645 ارب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 21نئی یونیورسٹیاں‘ 8ہسپتالوں‘150ارب سے نہری منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔کراچی میں گرین لائن ٹرانسپورٹ سسٹم‘ سرکلر ٹرین‘ سکھر ۔حید آباد موٹروے، اندورن سندھ کے علاقوں میں وفاق کے کام نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہ کہ بدقسمتی ہے کہ تین تین بار حکومتیں کرنے والے مایوسیاں بانٹ رہے ہیں‘ ہم امید دلانے والے ہیں۔