ملک میں ڈالروں کی بارش متوقعے عالمی بینک کا بھی اعتراف
رواں سال کے اختتام تک پاکستان کی ترسیلات زر 26 فیصد اضافہ کے ساتھ 33 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے ، عالمی بینک
اسلام آباد۔ (عاقب ابراہیم غوری سے ):رواں سال کے اختتام تک پاکستان کی ترسیلات زر کی وصولیوں میں 26 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ عالمی بینک نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ 2021 میں پاکستان کی ترسیلات زر کی وصولی 33 ارب ڈالر تک بڑھنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب جنوبی ایشیا کے ممالک کو ترسیلات زر کی وصولی میں 8 فیصد بڑھوتری کا اندازہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2021 میں متوسط اور کم آمدنی والے ممالک کی ترسیلات زر کی وصولیاں 7.3 فیصد اضافہ سے 589 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ عالمی بینک نے کہا ہے کہ کم اور متوسط آمدنی والے ممالک اور دیگر جنوبی ایشیائی ممالک کے مقابلہ میں سال 2021 کے دوران پاکستان کی ترسیلات زر میں 26 فیصد کا نمایاں اضافہ متوقع ہے اور اس دوران سمندرپار سے پاکستان کو رقوم کی وصولیاں 33 ارب ڈالر تک بڑھ جائیں گی۔
اس دوران جنوبی ایشیا کے ممالک میں ترسیلات زر کی وصولیاں 159 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ عالمی بینک نے کہا کہ ترسیلات زر کی قانونی ذرائع سے پاکستان بھیجنے کے حوالہ سے حکومت کی حکمت عملی اور مراعات کی وجہ سے ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔