اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 سے 10 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز
اسلام آباد: (ثاقب ابراہیم غوری سے ) ائل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری تیار کر لی۔ ذرائع کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق تین تجاویز تیار کیں ہیں۔ اتھارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 سے 10 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز دی ہے۔ اوگرا ذرائع کے مطابق لیوی ٹیکس بڑھانے کی صورت میں 4 روپے فی لیٹر تک کمی ہو سکتی ہے جب کہ ٹیکس دوگنا کرنے کی صورت میں قیمتیں برقرار رکھی جا سکتی ہیں۔ اوگرا ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 74 ڈالر فی بیرل رہی، گزشتہ ماہ کی نسبت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 فیصد تک کمی آئی ہے۔ مزید بتایا کہ حکومت نے گزشتہ 13 دن میں 68 تا 74 ڈالر فی بیرل تیل خریدا ہے۔ عالمی مارکیٹ کے تناسب سے قیمتوں میں کمی بنتی ہے۔ آئندہ پندرہ روز کیلئے نئی قیمتوں کا اعلان اج وزیر اعظم عمران خان کی منظوری سے کیا جائے گا۔