توشہ خانہ کیس کی سماعت،وکیل نےعمران خان کے پیش ہونے کی یقین دہانی
توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کروائی ہے کہ عمران خان آج پیش ہوں گے، جس کے بعد عدالت نے سربراہ پی ٹی آئی کی پیشی تک سماعت میں وقفہ کردیا ہے۔ جبکہ نو مئی واقعات کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے عمران خان کو جمعہ کو طلب کرلیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر انکوائری کالعدم قرار دینے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت بھی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ سے پی ٹی آئی کےاہم رہنما کی ضمانت منظور
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت جج ہمایوں دلاور نے کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل مرزا عاصم بیگ عدالت میں پیش ہوئے۔ انھوں نے عدالت کو بتایا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آج احتساب عدالت میں پیش ہونا ہے، عمران خان نے چند کیسز میں شامل تفتیش ہونا ہے۔
وکیل مرزا عاصم بیگ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان ساڑھے 12 بجے سیشن عدالت میں پیش ہوں گے۔
بعد ازاں جج ہمایوں دلاور نے کیس کی سماعت میں ساڑھے 12 بجے تک وقفہ کردیا۔
یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو آج صبح نو بجے تک بیان ریکارڈ کرانے کی مہلت دی تھی۔گزشتہ روز جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 342 کا بیان ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کی تھی
یہ بھی پڑھیں ؛ سائفر کی تحقیقات کیلئے سابق وزیراعظم دوبارہ ایف آئی اے میں طلب
دوران سماعت عمران خان نے عدالت کو بتایا کہ انہیں گزشتہ روز ہی 35سوالات فراہم کیے گئے ہیں، وہ سوالات بغور پڑھنے کے بعد ہی بیان ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں۔
جج نے عمران خان کو کہا کہ آپ کی لیگل ٹیم آپ کے ساتھ زیادتی کر رہی ہے اگر خواجہ حارث چاہیں تو ایک ایک سوال آپ کو بتا اور سمجھا سکتے ہیں۔
جے آئی ٹی نے عمران خان کو طلب کرلیا
9 مئی کو جناح ہاؤس پر حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کی تحقیقات جاری ہے۔ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو جمعہ کے روز طلب کیا گیا ہے، عمران خان کو تمام نامزد مقدمات میں طلب کیا گیا۔
چیئرمیں پی ٹی آئی کو جےآئی ٹی نے چوتھی مرتبہ طلب کیا ہے، وہ اب تک صرف ایک مرتبہ پیش ہوئے۔ دوران پیشی جے آئی ٹی کے ممبران کو دھمکانے پر عمران خان پر مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
سائفر انکوائری کالعدم قرار دینے کی درخواست
چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر انکوائری کالعدم قرار دینے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت جاری ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر انکوائری کالعدم قرار دینے کی استدعا کردی۔ایف آئی اے نے سائفر انکوائری میں چیئرمین پی ٹی آئی کو آج طلب کر رکھا ہے۔
دوران سماعت عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہماری درخواست پر 2 اعتراضات عائد کئے گئے ہیں، مرکزی اعتراض ہے کہ ایک درخواست پہلے سے دائر ہے، ہماری وہ درخواست بالکل الگ نوعیت کی تھی، اس لئے یہ اعتراض نہیں بنتا۔
لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ ایف آئی اے نے طلب کیا تو چیئرمین پی ٹی آئی پیش ہوگئے، سائفر کا معاملہ اٹھایا ہی نہیں جا سکتا، وزیراعظم کو آرٹیکل 248 کے تحت استثنیٰ ہوتا ہے۔