رواں ہفتےمہنگائی کی شرح میں پونے 4 فیصد اضافہ
یوتھ ویژن نیوز : صرف ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں پونے 4 فیصد کا بڑا اضافہ، رواں ہفتے کے دوران 20 اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے سے مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں 3 عشاریہ 73 فیصد کا اضافہ ہو گیا۔
تفصیلات کے وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے ہفتہ وار مہنگائی کے حوالے سے تازہ ترین اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ جاری کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملکی زر مبادلہ کے ذخائر بڑی کمی ہوگئی
رواں ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں 3.73 فیصد اضافہ ہوا جس سے مہنگائی کی شرح 29.21 فیصد رہی۔ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے 20ا شیاء مہنگی اور 7 سستی ہوئیں جبکہ 24 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ادارہ شماریات کا بتانا ہے کہ مرچ ، ٹماٹر، پیاز ، آلو ، ایل پی جی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ان میں مرچ 28.98 فیصد ، ٹماٹر 19.71 فیصد ، انڈے 4.77 فیصد، ایل پی جی 4.12 فیصد ، لہسن 3.09 فیصد ، پیاز 2.58 فیصد، گڑ 2.18 فیصد، آلو 2.09 فیصد اور بجلی کی قیمت میں 20.98 فیصد اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق جن اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں کیلے کی قیمت میں 5.36 فیصد، چینی 1.15 فیصد، گھی 0.93 فیصد، خوردنی تیل 0.89فیصد ، گندم کا آٹا 0.17فیصد اور دال مونگ کی قیمت میں 0.16فیصد کمی ہوئی۔
یہاں واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق 13 جماعتوں کی اتحادی حکومت کے دور میں مالی سال 23-2022 ملکی تاریخ کا سب سے مہنگا سال ثابت ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کے آخری مالی سال 2021 میں مہنگائی کی سالانہ شرح 9.50 فیصد تھی، جو رواں سال 30 جون کو ختم ہونے والے مالی سال پر 200 فیصد سے زائد اضافے سے 29.18 فیصد رہی۔
یہ بھی پڑھیں: چینی ایکسپورٹ کرنے کی وجہ سے مارکیٹ میں چینی کی قلت
مہنگائی کے حوالے سے ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سال بھر میں چائے، آٹا، چاول، آلو، مرغی، دالوں سمیت سب کچھ مہنگا ہوا۔ ایک سال میں سگریٹ کی قیمت میں 129 فیصد، چائے 113 فیصد ، گندم کا آٹا 90 فیصد، چاول 73 فیصد، آلو 65 فیصد اور گندم 62 فیصد سے زائد، مرغی 58 فیصد اور دال مونگ 50 فیصد سے زائد مہنگے ہوئے۔ یہاں واضح رہے کہ مئی 2023 میں ملک میں مہنگائی بڑھنے کا 76 سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا، جس کے بعد پاکستان دنیا کے سب سے مہنگے ترین ممالک کی فہرست میں آ گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرانے کی تیاریاں،200 ادویات مہنگی کرنے کی سمری تیار
رپورٹ کے مطابق ورلڈ آف سٹیٹسٹکس نے دنیا بھر میں مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کیے، ان اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے 10 مہنگے ترین ممالک کی فہرست میں پاکستان بھی شامل ہے۔ اعدادو شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا، مئی میں 38 فیصد شرح کے ساتھ پاکستان کا دنیا میں چھٹا مہنگا ترین ملک قرار پایا۔