عاشورہ:کربلا ہمیں جرات اور شجاعت کا درس دیتا ہے، وزیراعظم
یوتھ ویژن نیوز : وزیراعظم نے یومِ عاشور پر مسلمانوں کے لیے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کربلا ہمیں جرات اور شجاعت کا درس دیتا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ محرم اورعاشورہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے گہری روحانی اہمیت رکھتا ہے، یہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی حق کیلئے عظیم جدوجہد، قربانی اور شہادت کا دن ہے، اس دن امام حسین علیہ السلام نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کربلا کی جنگ میں ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: یوم عاشور:امام حسین عليه السلام کی شہادت کا دن،ملک بھر میں جلوس و مجالس
وزیراعظم نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی قربانی ہمیں غیر متزلزل ایمان، راست بازی اور انصاف کے حصول کا انمول سبق سکھاتی ہے، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ظلم و جبر کے خلاف کھڑا ہونا ایک مسلمان کا اخلاقی فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کا لازوال پیغام آج بھی ہمارے ساتھ گونجتا ہے جو ہمیں اپنی زندگی میں انصاف، ہمدردی اور استقامت کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی ترغیب دیتا ہے، پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانی کسی خاص وقت یا مقام تک محدود نہیں تھی، یہ سرحدوں سے بالا تر ہو کر نسلوں اور براعظموں میں مسلمانوں کے ساتھ گونجتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یوم عاشور ایک یاد دہانی ہے کہ انصاف، مساوات اور انسانی وقار کے لیے ہماری جدوجہد کو غیر متزلزل عزم سے ہمکنار ہونا چاہیے، امام حسین علیہ السلام کی قربانی ہمیں سکھاتی ہے کہ حق اور انصاف کے لیے کھڑا ہونا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا، یہ وہ راستہ ہے جو دائمی کامیابی اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کی طرف لے جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان میں 3 دہشت گرد ہلاک
وزیراعظم نے کہا کہ قوم اور پوری اُمتِ مسلمہ کو جن چیلنجوں اور آزمائشوں کا سامنا ہے، اس میں ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانی سے سبق حاصل کرنا چاہیے، یاد رکھیں کہ حق اور مقاصد کے حصول کی راہ میں رکاوٹیں صرف ثابت قدمی، قربانی اور اولوالعزمی سے ہی دور ہو سکتی ہیں۔