انٹرنیشنل ائیر پورٹ بہاول پور میں فل سکیل ایمرجنسی ایکسرسائز
بہاول پور: (قاری عاشق حسین سے ) سول ایوی ایشن اتھارٹی بہاولپور کے زیراہتمام بہاول پور انٹرنیشنل ائیر پورٹ بہاول پور میں فل سکیل ایمرجنسی ایکسرسائز 2021 کا انعقاد کیا گیا جس میں ایئرکرافٹ حادثے کی صورت میں امدادی کاروائیوں کے لئے فرضی مشق کی گئی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی، پاک فوج، ریسکیو1122، ایدھی، محکمہ صحت، سی ایم ایچ، بہاول وکٹوریہ ہاسپٹل،سر صادق عباسی ہاسپٹل، آرمی ایوی ایشن، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں نے موک ایکسرسائز میں شرکت کی۔ اس موقع پر متعلقہ تمام محکموں نے پیشہ ورانہ مہارت کا شاندار عملی مظاہرہ کیا۔ قبل ازیں چیف آپریٹنگ آفیسر و ایئرپورٹ منیجر اظہر فاروق نے بریفنگ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی اور متعلقہ اداروں کے اشتراک سے ممکنہ حادثہ کی صورت میں ریسکیو آپریشن کا عملی مظاہرہ اور اسکی تفصیلات کے بارے میں آگاہ کیا۔مظا ہرے میں پاک فوج اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے سینئر افسران، ایم ڈی چولستان، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے افسران، انچارج ریسکیو 1122،اسٹیشن مینیجر پی آئی اے،آفیسر کمانڈنگ اے ایس ایف، پولیس اور ہاسپیٹلز سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ تمام حاضرین نے اداروں کی بہترین کارکردگی کو بہت سراہا۔ علاوہ ازیں سول ایوی ایشن اتھارٹی بہاول پور کے تمام شعبوں کے انچارج صاحبان نے ایونٹ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔