پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی،وزیر مملکت زرتاج گل
اسلام آباد۔ (عمران قذافی سے ):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کی سیاست ختم ہو چکی ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی،
وزیراعظم عمران خان سرٹیفائیڈ صادق اور امین ہیں، جسٹس (ر) وجیہ الدین کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پاس عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کیلئے کوئی ایجنڈا نہیں ہے، یہ لوگ صرف آل بچاﺅ مال بچاﺅ مہم پر نکلے ہوئے ہیں،
اپوزیشن نے تحریک انصاف حکومت کو گرانے کیلئے مختلف حربے استعمال کئے لیکن انہیں ہر جگہ پر بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ زرتاج گل نے کہا کہ عوام اپوزیشن جماعتوں کو پہلے بھی مسترد کر چکے ہیں اور آئندہ بھی مسترد کریں گے، تحریک انصاف سینیٹ، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات کے بعد آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام فارن اکائونٹس آڈٹ شدہ ہیں، پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے فارن فنڈنگ کی تمام تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس جمع کرائی ہوئی ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ابھی تک فارن فنڈنگ کے حوالے سے تفصیلات جمع نہیں کرائیں، پی ٹی آئی اس کیس میں سرخرو ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سرٹیفائیڈ صادق اور امین ہیں، جسٹس (ر) وجیہ الدین کے الزامات بے بنیاد ہیں، وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو سیاست میں آنے کا موقع دیا ہے