شہبازشریف کا اگست 2023میں حکومتی معاملات نگران حکومت کے سپرد کرنے کا اعلان
یوتھ ویژن نیوز : وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہم نے ریاست بچانے کیلئے سیاست کی قربانی دی ، اگست 2023میں معاملات نگران حکومت کے سپرد کردیں گے ۔
تفصیلات کےمطابق قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اپریل2022میں ہمیں حکومت کی ذمہ داری ملی وہ اگست 2023میں نگران حکومت کے سپرد کردیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملکی مفادات کی راہ میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں صاف کیں، 15 ماہ میں چارسال کی بربادیوں کا ملبہ صاف کیا، معیشت، خارجہ تعلقات سمیت دیگر شعبوں میں لگی آگ بجھائی، اس عرصے میں ہم نے سیاست نہیں کی بلکہ ریاست کی حفاظت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ووٹ بینک کی فکر نہیں کی اسٹیٹ بینک میں اضافے کی فکر کی، ہم ملکی معیشت کی بحالی میں مصروف تھے اور کچھ لوگ ملک کو ناکام بنانے میں مصروف تھے، پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ اور اُن کی ناپاک سازش مٹی میں مل چکی ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اب وقت آ گیا ہے ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہے، ملکی معیشت کی بحالی کیلئے جامع پروگرام بنا لیا گیا ہے، ملکی معیشت کی بحالی کے پروگرام کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جمہوری تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کی واحد منتخب مخلوط حکومت ہے جو مختصر ترین مدت کے لیے قائم ہوئی، جس نے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے چیلنجز اور مشکلات کا سامنا کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کی کوشش میں تھے تو سابق حکمران اسے ناکام بنانے کی سازشوں میں دن رات مصروف تھے، ان وطن دشمن سازشوں کے باوجود ہم نے ہمت نہیں ہاری اور خدا کے فضل سے آئی ایم ایف کا پروگرام بحال کیا، جس کے بعد اب پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ اور ان کی ناپاک خواہش دونوں مٹی میں مل چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں آج پوری قوم کی طرف سے پاکستان کے عظیم دوست اور برادر ممالک چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر انتہائی مشکل حالات میں بڑے خلوص سے پاکستان سے بھرپور تعاون کیا، ان کے اس خلوص بھرے تعاون کو ہم کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین کے صدر شی جن پنگ، سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زائد النہیان نے پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے میں جو کردار ادا کیا ہے وہ انتہائی قابل تحسین ہے۔
شہباز شریف نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو سفارتی کوششوں پر ان کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی شبانہ روز کاوشوں کی بھرپور تحسین کرتا ہوں