سیلاب کے ساتھ مون سون بارشیں نے خطرے کی گھنٹی بجادی
بارشیں ابھی ختم نہیں ہوئیں۔ مون سون کا دوسرا سپیل بارش برسانے کیلئے تیار ہے۔ ایک طرف پنجاب میں سیلاب کی متوقع آمد اور دوسری جانب ایک مرتبہ پھر بارشوں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔ 13 جولائی سے 17 جولائی تک مزید بارشوں کا امکان ہے۔ بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں 12 جولائی کو ملک میں داخل ہوں گی۔ اس دوران اسلام آباد سمیت پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
مون سون کے دوسرے سپیل کے زیر اثر کشمیر، (وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھانوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور)، مری، گلیات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، قصور اور اوکاڑہ میں 12 سے 17 جولائی تک کبھی کبھار وقفے کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان (دیامیر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے، شگر)، چترال، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ صوابی، نوشہرہ، کرم، لکی مروت، کوہاٹ، ڈی آئی خان، بنوں، کرک، وزیرستان، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، حافظ آباد، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 13 سے 17 جولائی تک کبھی کبھار وقفے کے ساتھ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے.
موسلادھار بارش سے اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور کے نشیبی علاقوں میں 14 سے 17 جولائی تک شہری طغیانی آسکتی ہے اور اس دوران مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم کی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سرگرمیوں کا انتظام کریں۔ سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ زیادہ محتاط رہیں تاکہ گیلے موسم کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
دھول کے طوفان/گرج چمک سے بجلی کے کھمبے اور سولر پینلز جیسے ڈھیلے ڈھانچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے عام لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ آندھی طوفان، موسلا دھار بارش کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں۔