ملک میں1960کے بعد دوسرا سبز انقلاب لایا جارہا ہے، شہبازشریف
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ کسان پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہیں وہ زراعت کیلئے شبانہ روز محنت کرتے ہیں ،پاکستان میں 1960کے بعد دوسرا سبز انقلاب لایا جارہا ہے۔
تفصیلات کےمطابق گرین پاکستان انیشی ایٹیو کے تحت غذائی تحفظ پر قومی سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان میں 1960کے بعد دوسرا سبز انقلاب لایا جارہا ہے، کسان پاکستان کے کروڑوں لوگوں کو غذائی اجناس فراہم کرتے ہیں، کسانوں کو زراعت کی ترقی دینے کیلئے وسائل چاہئیں، حکومت کسانوں کو ہرممکن وسائل فراہم کرے گی، 75سال میں ایسے کئی ویژن آئے مگر ترقی کا راز مسلسل عمل ،محنت میں مضمر ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ 60کی دہائی میں زرعی شعبے میں بے مثال ترقی ہوئی تھی، کسان کو گندم کی پوری قیمت ملے گی تو وہ شوق ،جذبے سے محنت کرے گا، رواں سال گندم کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوئی ہے، امید ہے کپاس کی فصل کی بھی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوگی، کسانوں کو صحت مند بیج ،کھاد کی فراہمی حکومت کا فرض ہے، جعلی ادویہ کے خاتمے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، ہمیں پاکستان کی زراعت کو دنیا میں ممتاز مقام دلانا ہوگا۔