اپوزیشن قانون ہاتھ میں نہیں لے گی تو قانون بھی کچھ نہیں کہے گا شیخ رشید
راولپنڈی۔ (یاسر ملک سے ):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن قانون کو ہاتھ میں نہیں لے گی تو قانون بھی اس کو کچھ نہیں کہے گا ، اپوزیشن 23کی بجائے 30مارچ کو اپنا پروگرام رکھے ، زچہ بچہ ہسپتال ، نالہ لئی اور راولپنڈی رنگ روڈ ان شاءاللہ عمران خان کے اسی دور حکومت میں مکمل ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو راولپنڈی زچہ بچہ ہسپتال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری شیخ راشد شفیق بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ہسپتال کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔شیخ رشید احمد نے کہاکہ زچہ بچہ ہسپتال 6 ارب روپے کا منصوبہ ہے ، نالہ لئی منصوبہ150ارب روپے کا ہے ، اس کا بھی سی ایل ڈبلیو ہوگیاہے اور وہ ابھی ایکنک سے منظور ہونا ہے ،جس کی منظوری رواں ہفتے ہوجائے گی ۔انہوں نے کہاکہ سائبر کرائم کنٹرول کے لیے سائبر کرائم ونگ کو مزید مضبوط کررہے ہیں ،سائبر کرائم ونگ پر بوجھ بڑھ گیاہے اور اتنے وسائل نہیں ہیں ۔اس لیے ان کے وسائل میں اضافہ کریں گے ، ایف آئی اے میں 500 ملازمیں بھرتی کریں گے ۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ مجموعی طور پر 1100کی بھرتی کے لیے 12لاکھ لوگوں نے اپلائی کیا ہے تاہم اس میں وقت لگے گا اور یہ سب کچھ میرٹ پرہورہاہے ،اسلام آباد پولیس میں بھی مزید دو ہزار افراد میرٹ پر بھرتی کریں گے ، یقینا اس میں بھی ٹائم لگے گا لیکن حکومت کی طرف سے رواں ہفتے میں اس کی منظوری ہوجائے گی ۔زچہ بچہ ہسپتال کے قیام کے لیے 20 برس سے کوششیں جاری تھیں ،یہ موجودہ دور حکومت میں اسی سے 90 فی صد مکمل ہوگیاہے ،زچہ بچہ ہسپتال راولپنڈی کا افتتاح 28فروری کو وزیر اعظم پاکستان عمران خان کریں گے ۔
اپوزیشن کے لانگ مارچ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ اپوزیشن کو کہاہے کہ 23مارچ کو یہاں پریڈ ہوتی ہے اور یہ قومی پریڈ ہے اور ساری فورسز کی جی ٹی روڈ پر نقل و حرکت ہوتی ہے ، ایسے میں اگر کوئی بدمزگی ہوگی تو اس کے ذمہ دار یہ ہوں گے ، میں نے ان سے کہاہے کہ وہ 30 مارچ کو آئیں اگر آپ قانون کو ہاتھ میں نہیں لیں گے تو قانون آپ کو ہاتھ میں نہیں لے گا