ہیلتھ افسران رورل ہیلتھ سنٹرز اور بیسک ہیلتھ یونٹس کے باقاعدگی سے دورے کریں اور فیلڈ ٹیموں کو چیک کریں سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی
بہاول پور: (قاری عاشق حسین سے )سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے ڈپٹی کمشنر آفس بہاول پور میں کورونا ویکسی نیشن مہم(RED)کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی اور کورونا ویکسی نیشن مہم فیز 2کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔انہوں نے کورونا ویکسی نیشن مہم کوتیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ 31دسمبر تک مقررکردہ اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا ویکسی نیشن ٹیموں کی مانیٹرنگ موثر انداز سے کی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ فیلڈ ٹیمیں متحرک انداز میں کام کریں اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ بیسک ہیلتھ یونٹس کی بجائے تحصیل ہیڈکوارٹرز میں بیٹھ کر اپ لوڈ کی جائے اور اس کا سرٹیفکیٹ بھی جمع کرایا جائے تاکہ کام کی رفتار کو مانیٹر کیا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہیلتھ افسران رورل ہیلتھ سنٹرز اور بیسک ہیلتھ یونٹس کے باقاعدگی سے دورے کریں اور فیلڈ ٹیموں کو چیک کریں۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ بہاول پورڈاکٹر محمد اقبال مکوال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کورونا ویکسینیشن فیز2کا مجموعی ہدف 7لاکھ73ہزار736 ہے جبکہ روزانہ کا ہدف34630 مقرر کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ضلع بھر میں 211 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ہدف کے حصول کے لئے بھرپور محنت کررہی ہیں۔ سیکرٹری زراعت نے ہدایت کی کہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا جائے۔ دریں اثناء سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے گورنمنٹ ہائی سکول چک نمبر12/BC کا دورہ کیا اور طلباء سے کورونا ویکسینیشن بارے تبادلہ خیال بھی کیا۔ بعد ازاں سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے گندم کی فصل کابھی معائنہ کیااور گندم کی فصل کو پہلا پانی بروقت لگانے اور جڑی بوٹیوں کی تلفی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔