انتخابات سے قبل جہانگیرترین کی سیاسی سرگرمیاں تیز
یوتھ ویژن نیوز : جہانگیر ترین نے تحریک انصاف کے مستعفی رہنماؤں کو ساتھ ملانے کیلئے کوششیں تیز کردی ہیں ۔
تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف نے عام انتخابات کے قریب آتے ہی جہانگیر ترین نے سیاسی سرگرمیاں تیز کردی ہیں ۔ 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے راہیں جدا کرنے والے 70 سے زائد رہنماؤں اور سابق اراکین اسمبلی کو راغب کرنے کے لیے جہانگیر ترین گروپ نے کوششیں تیز کردیں تاکہ عام انتخابات سے قبل انہیں اپنی صفوں میں شامل کیا جاسکے۔
گزشتہ روز جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کے سابق رہنما علیم خان سے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں سابق وزیر اسحٰق خاکوانی، وزیراعظم کے معاون عون چوہدری، سعید اکبر نوانی اور شعیب صدیقی نے بھی شرکت کی۔
رپورٹس کے مطابق جہانگیر ترین ایک نئی سیاسی جماعت کے ساتھ اپنے سیاسی کیریئر کا دوبارہ آغاز کریں گے،ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے زیادہ سے زیادہ سابق اراکان کو پارٹی میں شامل کرنے کیلئے چودھری شجاعت اور جہانگیر ترین کوشاں ہیں ۔
جہانگیر ترین تاحیات نااہلی کے پیش نظر نئی سیاسی جماعت کی قیادت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔
واضح رہے کہ فواد چوہدری، شیریں مزاری، عامر کیانی، عمران اسمعٰیل، علی زیدی، ابرارالحق، امین اسلم، ملیکہ بخاری، مسرت چیمہ اور جمشید چیمہ سمیت پی ٹی آئی کے 70 سے زائد رہنما اور سابق اراکین اسمبلی 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں
ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب سے پی ٹی آئی چھوڑنے والے اکثر سیاستدانوں کی ترجیح جہانگیر ترین کی پارٹی ہوگی اور جنوبی پنجاب کے سیاستدان جہانگیر ترین سے ہاتھ ملائیں گے ۔