وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور ٹریفک حادثے میں جاں بحق

وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا عبدالشکور میریٹ سے سیکرٹریٹ چوک کی طرف جارہے تھے۔ہائی لکس ریوو جس میں پانچ آدمی سوار تھے نے گاڑی کو ٹکر ماری۔
وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کوفوری طورپرپولی کلینک منتقل کیاگیا مگرزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس کاکہنا ہے کہ مفتی عبدالشکور کی میت پولی کلینک میں موجود ہے قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کی جائے گی۔
حادثے کی اطلاع پرپولیس کے سینئر افسران جائے وقوعہ پرپہنچ گئے۔
پولیس نے وفاقی وزیر کی گاڑی کو ٹکرمارنے والی گاڑی میں سوار افراد کو حراست میں لے لیا۔
مولانا عبدالشکور کا تعلق جمیت علمائے اسلام (ف) سے تھا اور وہ این اے-51 سے قومی اسمبلی کے رکن تھے۔
جے یو آئی کے میڈیا سیل کے مطابق مولانا عبدالشکور کی نماز جنازہ اتوار کو دوپہر دو بجے تاجبی خیل لکی مروت میں ادا کی جائے گی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے پر صدر مملکت عارف علوی،وزیراعظم شہبازشریف،صدر پی ڈی ایم مولانافضل الرحمان،سابق صدر آصف زرداری،وزیرخارجہ بلاول بھٹو،سپیکر راجہ پرویز اشرف،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سمیت وفاقی وزیر،ارکان پارلیمنٹ نے افسوس کااظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے مفتی عبدالشکور کے اہلخانہ اور تمام وابستگان سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کیا۔ مفتی عبدالشکور ایک باعمل عالم، ایک نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے، مفتی عبدالشکور جمعیت علماءاسلام (ف) کے متحرک، نظریاتی راہنماؤں میں شمار ہوتے تھے، انہوں نے وزیر مذہبی امور کے طور پر بڑی محنت، اخلاص اور ایمانداری سے فرائض انجام دئیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مفتی عبدالشکور کی دینی، ملی، قومی وسیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین