جعلی ارسطو پڑھے لکھے ہو کر بھی نالائقی کا ثبوت دے رہے ہیں، نوجوانوں کی جانب سے وزیراعظم کا شاندار استقبال دیکھ کر آپ گھبرا گئے ہیں، سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار کا احسن اقبال کے بیان پر ردعمل
اسلام آباد۔ (عمران قذافی سے ):سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار نے کہا ہے کہ جعلی ارسطو پڑھے لکھے ہو کر بھی نالائقی کا ثبوت دے رہے ہیں، نوجوانوں کی جانب سے وزیراعظم کا شاندار استقبال دیکھ کر آپ گھبرا گئے ہیں، ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، اتنی جلدی گھبرانا نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو لیگی رہنما احسن اقبال کے کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو سے متعلق بیان پر ردعمل میں کیا۔
عثمان ڈار نے کہا کہ جعلی ارسطو پڑھے لکھے ہو کر بھی نالائقی کا ثبوت دے رہے ہیں، نوجوانوں کی جانب سے وزیراعظم کا شاندار استقبال دیکھ کر آپ گھبرا گئے ہیں، ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، اتنی جلدی گھبرانا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیڈیم میں موجود نوجوانوں کا جذبہ دیکھا ہوتا تو آپ ایسے تنقید نہ کرتے، یونیورسٹی کے طلبا کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کے سب سے بڑے سٹیک ہولڈرز ہیں، یہ کوئی سیاسی جلسہ نہیں تھا، کامیاب سپورٹس ڈرائیو کی لانچنگ تھی۔
عثمان ڈار نے کہا کہ ملک بھر کے نوجوانوں نے سپورٹس ڈرائیو میں شاندار انداز میں شرکت کی، نوجوان اپنے ہیرو وزیراعظم عمران خان کو تقریب میں دیکھ کر اور بھی پرجوش ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ نوجوان تھے جنہیں آپ نے اپنے دور حکومت میں نظرانداز کیے رکھا، ابھی تو ہم نے اپنے کارکنان کو شرکت کی دعوت نہیں دی تھی، اگر تحریک انصاف کے ورکر ہوتے تو صورتحال اس سے بھی مختلف ہوتی۔ عثمان ڈار نے کہا کہ احسن اقبال نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے کی کوشش نہ کریں، آپ کی باتیں سن کر اب ثابت ہو گیا کہ آپ واقعی جعلی ارسطو ہیں۔