چاند دیکھنے کے نام پہ پر تکلف کھانے، سوشل میڈیا پرشدید ردعمل کے بعد نوٹیفکیشن واپس
یوتھ ویژن نیوز: صوبہ خیبرپختوانخوا میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے منعقد ہونے والے رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے دوران پرتکلف کھانوں کے لیے جاری کیا جانے والا نو ٹی فکیشن واپس لے لیا گیا۔
پرتکلف کھانوں کے لیے جاری کیا جانے والا نو ٹی فکیشن اس وقت واپس لیا گیا جب اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔
ویب سائٹ کے مطابق صوبائی محکمہ اوقاف کی جانب سے 22 مارچ کو بلائے جانے والے اجلاس کے لیے 100 وی آئی پی اور 100 عام افراد کے لیے پرتکلف کھانوں کا آرڈر دیا گیا تھا۔
وی آئی پی افراد کے لیے جن کھانوں کا آرڈر دیا گیا تھا ان میں دم پخت، بیف والے نارنجی چاول، مکس سبزی، چکن تکہ بوٹی، نان، سیخ کباب، رشین سلاد، تازہ سلاد، حلوہ، منرل واٹر اور کولڈ ڈرنکس شامل تھے۔
رویت ہلال کمیٹی کے منعقد ہونے والے اجلاس میں شریک عام افراد کے لیے بھی جن کھانوں کا آرڈر جاری ہوا تھا ان میں بیف والے نارنجی چاول، چکن کری، مکس سبزی، حلوہ، نان اور کولڈ ڈرنکس شامل کیے گئے تھے۔
دلچسپ امر ہے کہ اسی اجلاس کے استقبالیہ کے لیے بلیک ٹی، پیسٹری، پیٹیز، سینڈوچ اور بسکٹ بھی منگوائے جانے تھے۔
اردو نیوز کے مطابق نوٹیفیکیشن کے منظر عام پر آنے کے بعد خیبر پختونخوا کی صوبائی وزارت مذہبی امور کی جانب سے نوٹیفیکیشن کو فوری طور پر واپس لینے کا حکم دے دیا گیا ہے جب کہ متعلقہ وزیر نے ٹینڈر نوٹس کو فوری طور پر واپس لینے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ 12 گھنٹوں میں رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن پر سخت ردعمل بھی سامنے آرہا ہے اور ناراضگی بھرے تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔
سوشل میڈیا صارف اور صحافی عمر قریشی نے اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں لکھا ہے کہ واہ واہ، کیا بات ہے خیبرپختونخوا کی رویت ہلال کمیٹی کی؟
سوشل میڈیا صارف فرقان صدیقی نے اسی ضمن میں لکھا ہے کہ یہ ہے سوشل میڈیا کی طاقت، خیبرپختونخوا کی حکومت نے رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں پرتکلف عشائیے کا ٹینڈر واپس لے لیا ہے۔
واضح رہے کہ چاند دیکھنے کے لیے منعقد ہونے والے شرکائے اجلاس کی خاطر مدارت کے لیے پر تکلف کھانوں کا آرڈر ایک ایسے وقت میں دیا گیا تھا کہ جب بڑھتی ہوئی مہنگائی و غربت نے عوام کو شدید پریشانی و تکلیف میں مبتلا کر رکھا ہے اور ان کے لیے دال روٹی کا حصول بھی جوئے شیر لانے کے مترادف بن چکا ہے۔