خواتین کو جو حقوق دین اسلام میں دیئے گئے مغرب میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا: محسن نقوی

یوتھ ویژن نیوز : نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ عورت ماں، بیٹی، بہن، بیوی ہر روپ میں قابل عزت وقابل احترام ہے۔ دین اسلام میں خواتین کو مکمل حقوق دیئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی حکومت نے رمضان المبارک میں بڑی پابندی عائد کردی
خواتین کو جو حقوق دین اسلام میں دیئے گئے مغرب میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔نبی کریمؐ نے خواتین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنے کی تلقین کی ہے۔نبی پاک ؐ کی لاڈلی بیٹی خاتون جنت حضرت بی بی فاطمہ الزہرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی حیات پاک خواتین کے لئے بہترین نمونہ ہے۔
خواتین کے حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح، بے نظیر بھٹو، مریم مختار،ارفع کریم، ملالہ یوسف زئی،عاصمہ جہانگیرجیسی عظیم خواتین سب کے لئے مشعل راہ ہیں۔ پاکستانی خواتین سائنس سے سیاست تک، فن سے کھیل تک اور زندگی کے دیگر شعبوں میں کامیابیاں سمیٹ رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ کوئی بھی قوم تب تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی نہ ہوں۔ پائیدار ترقی کے حصول کے لیے صنفی مساوات اور صنفی انصاف کی منزل کا حصول بے حد ضروری ہے۔ ترقی کی راہ میں خواتین کے مثبت کردار کو تسلیم کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ بہاولپور بنچ میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد
حکومت پنجاب خواتین کیلئے ہر شعبے میں ترقی کے یکساں مواقع اور سازگار ماحول کیلئے کوشاں ہے اور خواتین کو معاشرتی ناہمواری کے اثرات سے محفوظ رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ خواتین کو معاشرے کی ترقی کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دینے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور عالمی دن پر خواتین کے حقوق کا تحفظ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں