وزیراعظم عمران خان کی جانب سے عطا کردہ اعزاز آنجہانی پریانتھا کمارا اور سری لنکا کی عوام کے نام کرتا ہوں، واقعہ کے بعد پوری قوم جس طرح میرے ساتھ کھڑی ہوئی اس پر تہہ دل سے مشکور ہوں،ملک عدنان کی’’یوتھ ویژن ‘‘سے گفتگو
اسلام آباد (ثاقب ابراہیم غوری سے ):سیالکوٹ واقعہ کے دوران سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی جان بچانے کی کوشش میں کمال بہادری کا مظاہرہ کرنے والے ڈپٹی منیجر راجکو انڈسٹریز ملک عدنان نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے توصیفی سند عطا کرنے اور تمغہ شجاعت کے اعلان پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یہ اعزاز آنجہانی پریانتھا کمارا اور سری لنکا کی عوام کے نام کرتے ہیں، ہمیں اس طرح کے حالات میں ہمیشہ مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔
منگل کو ’’یوتھ ویژن ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے آج بہت فخر محسوس ہو رہا ہے، میرا پوری قوم کیلئے پیغام ہے کہ جب بھی کبھی ایسے حالات پیدا ہوں تو ہمیں مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد پوری قوم جس طرح میرے ساتھ کھڑی ہوئی اس پر تہہ دل سے مشکور ہوں۔ ملک عدنان نے کہا کہ میرے والدین اور اساتذہ نے مجھے ہمیشہ مظلوم کا ساتھ دینے کی تلقین کی ہے خواہ اس فرض کی ادائیگی میں جان ہی کیوں نہ چلی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمدﷺ نے فرمایا کہ جس نے ایک انسان کو بچایا گویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا، میں نے بھی انسانیت کو بچانے کا راستہ اپنایا۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا تھا کہ انسانیت اور میرے ملک کے نام پر دھبہ نہ لگے۔ انہوں نے کہا کہ پریانتھا کمارا ایک اچھے انسان، دوست اور بہترین منیجر تھے، ان کے زیر تربیت رہنے والے افراد پورے ملک میں مختلف کمپنیز میں اعلیٰ عہدوں پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا، اساتذہ اور دیگر باشعور افراد کو آگے بڑھ کر لوگوں کی رہنمائی کرنی چاہئے تاکہ آئندہ اس طرح کے و اقعات رونما نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے انہیں توصیفی سند سے نوازا اور تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ ایوارڈ آنجہانی پریانتھا کمارا کے بچوں اور سری لنکا کے عوام کے نام کرتے ہیں۔ قبل ازیں آنجہانی پریانتھا کمارا کی یاد میں وزیراعظم آفس میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جبکہ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے پریانتھا کمارا کی جان بچانے کیلئے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر ملک عدنان کو توصیفی سند بھی عطا کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سیالکوٹ کا واقعہ شرمناک اور افسوسناک ہے لیکن ہمیں ملک عدنان پر فخر ہے جس نے سری لنکن شہری کی جان بچانے کیلئے اپنی جان کو خطرے میں ڈالا اور جرات اور بہادری کی مثال قائم کی، ہمیں ایسے رول ماڈل کی ضرورت ہے، ملک عدنان اس ہجوم میں ایک ایسا شخص تھا جو راہ حق پر اور حیوانوں کے سامنے کھڑا تھا، مجھے امید ہے کہ نوجوان ان کو اپنا رول ماڈل بنائیں گے۔
وزیراعظم نے کہاکہ ایک ہجوم نے جو طرز عمل اختیار کیا اسے دیکھ کر بہت تکلیف ہوئی لیکن ملک عدنان کی وجہ سے ہمارا انسانیت پر اعتبار بڑھا۔ وزیراعظم نے ملک عدنان کو 23 مارچ کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا