ملک بھرمیں پیٹرول کی شدید قلت،فی لیٹر300روپے میں فروخت ہونے لگا
یوتھ ویژن نیوز ( عمران قذافی سے )حکومتی یقین دہانی اور وزیرمملکت مصدق ملک کی دھمکی بے سود، پنجاب کے متعدد شہروں میں پیٹرول کی قلت برقرار ہے۔ رات گئے مختلف علاقوں میں پیٹرول 300روپے فی لیٹرتک فروخت ہونے لگا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر حافظ آباد میں پیٹرول بحران سنگین ہوگیا۔بلیک میں پمپ مالکان پیٹرول 300روپے لیٹرتک فروخت کررہے ہیں۔شہریوں نے فوری طورپرضلعی انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹیبلشمنٹ صرف آرمی چیف کا نام ہے، عمران خان
سرگودھا، بہاولنگر، کمالیہ، نارووال، شکرگڑھ، گوجرہ اور منڈی بہاء الدین کے بعد لاہور بھی پیٹرول کی قلت کا شکار ہوگیا۔ شہر میں کئی پیٹرول پمپس بند ہوگئے۔ کھلے پیٹرول پمپس پر موٹرسائیکل والوں کو 400 روپے اور کار والوں کو 4 ہزار سے زیادہ کا پیٹرول فراہم نہیں کیا جارہا۔
پمپ مالکان کہتے ہیں کہ انہیں پیٹرول سپلائی نہیں کیا جارہا، اس لیے وہ کم بیچ رہے ہیں۔
راولپنڈی اورگردونواح میں متعدد پیٹرول پمپ مالکان نے فراہمی بند کردی۔شہریوں کاکہنا ہے حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا فوری نوٹس لے۔مالکان کی جانب سے زبردستی پیٹرول کی فروخت بند کی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ پیٹرول پمپ مالکان کو پیٹرول کی فروخت یقینی بنانے کیلئے قائل کرے۔
اوگرا کی ٹیم نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جھنگ روڈ پرگودام میں چھاپہ مار کر 1لاکھ 20ہزار لیٹرسےزائدپیٹرول برآمد کرلیا۔
علاوہ ازیں وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے یقین دلایا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 15 فروری سے پہلے تبدیل نہیں ہون گی اور ساتھ ہی وارننگ دی ہے کہ پیٹرول نہ بیچنے یا مہنگا بیچنے والوں کے لائسنس منسوخ کردیں گے۔
وزیرمملکت کاکہنا تھا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں ہے، پیٹرول کا 20 روز کا اسٹاک موجود ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی ایل سیز بھی کھلی ہوئی ہیں۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ملک کے کئی شہروں میں پیٹرول اور ڈیزل کے مصنوعی بحران پر چیف سیکرٹری پنجاب کو فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔
اوگرا نے چیف سیکرٹری پنجاب کو فوری کارروائی کیلئے مراسلہ لکھا ہے۔ اوگرا کے مطابق مارکیٹ میں مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کی فہرست فراہم کردی، مصنوعی بحران میں مارکیٹ انٹیلیجنس کے ذریعے فہرستیں مرتب کی گئیں۔ پنجاب میں غیرقانونی اسٹوریج، گوداموں پر چھاپوں کی ہدایت کر دی۔
یہ بھی پڑھیںِ: 15ماہ کی بچی کو31 گھنٹوں بعد ملبے تلے سے زندہ نکال لیا
صوبے میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے اور اسٹوریجز چیک کرنے کیلئے انفورسمنٹ ٹیمیں بھی تشکیل دے دیں ہیں۔
پیٹرولیم انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچ بڑی کمپنیز کے علاوہ چھوٹی تیل کمپنیز پیٹرول کی ذخیرہ اندوزی کر رہی ہیں۔ پنجاب میں ان ہی چھوٹی کمپنیز کے پمپس ہیں، اس لیے پنجاب میں پیٹرول کی قلت کا زیادہ اثر ہے۔