وفاقی حکومت سندھ کے عوام کے لیے مزید ترقیاتی کام شروع کرنے جارہی ہے، حکومت سندھ صوبے کے عوام کو سہولت دینے میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے: وفاقی وزیر مراد سعید، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر کا عمرکوٹ میں خطاب
عمرکوٹ۔ (عمران قذافی سے ):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ نئے روڈوں کی تعمیر سے عوام کو سفری سہولیات میں آسانی ملے گی، وفاقی حکومت سندھ کے عوام کے لیے مزید ترقیاتی کام شروع کرنے جارہی ہے۔ میڈیا سندھ کے حالات دکھائے، وزیراعظم عمران خان نے مفت علاج کے لیے صحت کارڈ کی سہولت دی لیکن حکومت سندھ صوبے کے عوام کو سہولت دینے میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔
یہ باتیں انہوں نے عمر کوٹ میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے تعمیر کئے گئے مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے اور افتتاح اور یوم ثقافت سندھ کے موقع پر پی ٹی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ شاندار ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیں۔ انہوں نے کہا کہ حلیم عادل شیخ سندھ کے اپوزیشن لیڈر ہیں، ان کا مائیک بند کردیا جاتا ہے۔ اپوزیشن کو کسی کمیٹی میں نمائندگی نہیں دی گئی، احتساب کی کمیٹی میں شرجیل میمن اور فریال تالپور بیٹھے ہیں۔
مراد علی شاہ آصف زرداری کے فرنٹ مین ہیں، سندھ حکمت کو صحت کے لیے ساڑھے 600 ارب روپے ملے، سب پیسہ جعلی اکاؤنٹس میں چلا گیا۔ کورونا کی وجہ سے دنیا بھر میں سپلائی چین متاثر ہوا، سندھ حکومت نے کورونا میں راشن کی جگہ لوگوں کو صرف بھاشن دیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا میں احساس کیش پروگرام کے تحت مستحقین اور ضرورتمندوں کو پیسے دیئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں گندم سرپلس ہے لیکن یہاں گندم اور آٹا مہنگا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دو چوہے موجود ہیں وہ گندم کھاگئے، اس کے علاوہ سندھ میں چینی سرپلس ہے ، زرداری کی سندھ میں شگر ملز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی طرف سے سندھ کو ضرور سہولیات دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پولیس ک ذاتی غلام سمجہتی ہے، جی آئی ٹیز موجود ہیں جس میں انکشاف ہوا کہ پولیس شگرملز پر قبضے کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سندھ کے ہر مسئلے پر آپ کے ساتھ ہوں۔اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
این ایچ اے حکام کی جانب سے وفاقی وزیر مراد سعید اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کو منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے میرپورخاص سے عمر کوٹ کے لیے بنائی گئی نئی تعمیر شدہ سڑک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر عمرکوٹ سے لے کر چھور تک دوسری سڑک کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔
نئے منصوبوں کی تعمیر پر 950 ملین روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔ جس سے عمر کوٹ تھر پارکر اور میرپورخاص کے عوام کو سفر کی سہولیات میسر ہونگی۔ ثقافتی ریلی سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ٹیلی فونک خطاب میں کہا کہ سندھ کی عوام کو کلچر ڈے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، مراد سعید آج نئے منصوبوں کا بنیاد رکھنے آئے ہیں، اس ضلعے میں بہتری آئے گی، ہماری خواہش ہے کہ سندھ کے پسماندہ علاقوں کو ان کا حق دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے حکمران رہنے والوں نے سندھ پر کوئی توجہ نہیں دی، ہم یہاں تبدیلی کے خواہاں ہیں، گورنر سندھ عوام کے مسائل سن رہے ہیں۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ سندھ تبدیلی کے لیے تیار ہے، افسران لوگوں پر ظلم بند کریں اور عوام کی خدمت کریں، عوام نے یہاں پولیس کے حوالے سے شکیات کی ہیں، آئی جی صاحب جتنے کرملنز جمع کرنے ہیں کرلیں، عمران خان کا مقابلہ کرلیں، آپ کسی کے ذاتی نہیں بلکہ حکومت کے ملازم بنیں۔
انہوں افسران پر زور دیا کہ وہ بلاتفریق عوام کی خدمت کریں، یہ نہ دیکھا جائے کہ پیپلزپارٹی کا ہو یا پی ٹی آئی کا سب کا میرٹ پر کام ہونا چاہیئے۔
ادھر وفاقی وزیر مراد سعید، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، ایم این اے لال مالہی کی زیر قیادت عظیم الشان ثقافتی ریلی کے موقع پر عمرکوٹ میں سندھ کے قدیمی ثقافت کے رنگ بکھر گئے، ٹوپی اجرک پٹکے پہنے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں فرزندان سندھ نے ریلی میں شرکت کی۔
سندھ کے قدیمی ثقافت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ پریس کلب عمرکوٹ کے سامنے ثقافتی ریلی جلسے میں تبدیل ہوگئی۔ ثقافتی جلسے میں دیگر رہنمائوں کے علاوہ ایم این اے لال مالہی، ایم این اے جئے پرکاش اکرانی اور دیگر بھی شریک تھے ۔