ق لیگ کی وکٹ گر گئی ،خیبرپختونخوا کے صدرکی آصف زرداری سے ملاقات،پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان
یوتھ ویژن نیوز ( عمران قذافی سے ) ق لیگ کو بڑا جھٹکا، پیپلز پارٹی نے اپنے ہی اتحادی کی بڑی وکٹ گرادی، اہم رہنما نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری سے پاکستان مسلم لیگ ق خیبر پختونخوا کے صدر محبوب اللہ جان نے ملاقات کی ہے۔ جس میں انہوں نے ق لیگ سے سیاسی وابستگی ختم کرنے اور پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت کا منی بجٹ تیار: اتحادیوں کو اعتماد میں لے لیا
بتایا گیا ہے کہ آصف زرداری سے اہم سیاسی رہنما بلال خان شیرپاؤ نے بھی ملاقات کی ہے۔ سابق صدر کی جانب سے محبوب اللہ جان اور بلال خان شیرپاؤ کی شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔
اس موقع پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ خیر پختونخوا کو ایک بار پھر پیپلزپارٹی کا گڑھ بنایا جائے گا۔ ملاقات میں سید نیر حسین بخاری اور فیصل کریم کنڈی نے شرکت کی۔
اس سے قبل سابق رکن قومی اسمبلی سردار فتح محمد اور باپ پارٹی کے نوابزادہ جمال رئیسانی ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شامل ہوچکے ہیں۔
سردار فتح محمد حسنی نے کراچی میں پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے ملاقات کی جس کے بعد ان کی پارٹی رکنیت دوبارہ بحال کر دی گئی۔
باپ پارٹی کے رہنماء و سابق صوبائی وزیر طاہر محمود بھی پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے جبکہ باپ پارٹی کے رہنماء نوابزادہ جمال رئیسانی بھی ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی کا حصہ بن گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈالر آپے سے باہر،ایک ڈالر 262 کا ہو گیا
پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے رہنماؤں نے سابق صدر آصف زردای سے ملاقات کی جبکہ بلوچستان سے مزید سیاسی رہنماؤں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔