برونائی کے سلطان کی بیٹی کی شاہانہ شادی، تقریبات ایک ہفتے تک جاری رہیں
برونائی کے سلطان حسن البلقیہ کی بیٹی شہزادی عظیمہ نعمت البلقیہ کی شادی رواں ماہ شاہانہ روایتی انداز میں ہوئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق 38 سالہ شہزادی اپنے ارب پتی والد کی آٹھویں اولاد ہیں جن کی شادی اپنے کزن پرنس بہار ابن جیفری البلقیہ سے کی گئی ہے۔
شادی کی تقریب ایک ہفتے تک سلطان کی رہائش گاہ استانہ نورالامان میں جاری رہی جو کہ دارالحکومت بندر سری بگاوان سے باہر واقع ہے۔
شادی کی تقریبات میں شاہی ’پاؤڈرنگ‘، نکاح اور چمک دمک سے لبریز استقبالیہ کی رسمیں ادا کی گئیں۔
نکاح کی تقریب عمر علی سیف الدین مسجد میں قرار پائی جسے برونائی کا قومی ورثہ تصور کیا جاتا ہے۔
برونائی کی شاہی ثقافت کے تحت ’پاؤڈرنگ‘ کی تقریب میں دلہن گلابی رنگ کا لباس اور سونا پہنتی ہے جبکہ خاندان کی جانب سے جوڑے پر چاولوں کے رنگ دار پاؤڈر کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے اور ان کے ہاتھوں پر خوشبودار تیل لگایا جاتا ہے۔
استقبالیہ کی تقریب میں شہزادی عظیمہ نے سفید رنگ کا گاؤن پہن رکھا تھا جبکہ ان کے شوہر پرنس بہار ابن جیفری البلقیہ نے سفید رنگ کی فوجی وردی پہن رکھی تھی۔