آصف زرداری کی شہبازشریف سےملاقات، سیاست سے معتلق اہم فیصلے

فواد چودھری کی گرفتاری کے بعد دو حکومتی بڑوں کی اہم ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاست کے مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلے لئے گئے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ،پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات کیلئے اگلے لائحہ عمل پرتبادلہ خیال کیاگیا۔
دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار, وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق, وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے.
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات کی تیاریاں تیزکردیں۔ دونوں صوبوں کے گورنرز کو آگاہ کردیا گیا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے الیکشن 9 سے17 اپریل کے درمیان ہو سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کےگورنرز کو الگ الگ خطوط میں لکھا ہے کہ پنجاب میں صوبائی عام انتخابات 9 سے13 اپریل کےدرمیان جبکہ کےپی اسمبلی کیلئے پولنگ 15 سے 17 اپریل کے درمیان کرائی جا سکتی ہے۔ آئینی طور پر دونوں صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل سے 90 دن میں انتخابات کرانا لازم ہیں۔