بلدیاتی انتخابات:اتحادیوں کا ہی حکومت پردھاندلی کا الزام
یوتھ ویژن نیوز ( قاری عاشق حسین سے ) کراچی میں آج ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جمعیت علمائے اسلام (ف) نے وفاق میں اپنی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے۔
جے یو آئی ف کے رہنما قاری عثمان نے پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 24 جولائی 2022 سے ملتوی کرتے کرتے بلدیاتی الیکشن 15 جنوری تک لے آئے، پولنگ اسٹیشنز پر عملے کو رات تک پہنچنا تھا جو نہیں پہنچا، تین تین گھنٹے تاخیر سے پولنگ کا عملہ پہنچا اور الیکشن ہوا۔
قاری عثمان نے کہا کہ پورے کیماڑی میں پہلے سے سب کچھ کیا ہوا ہے، یہ لوگ الیکشن دکھاوے کے لیے کر رہے ہیں، یونین کونسل 8 میں چیئرمین کا امیدوار دھاندلی کرتے پکڑا گیا، ماڑی پور یو سی 3 میں خواتین پولنگ اسٹیشن سے ٹھپے غائب ہیں۔
جے یو آئی ف کے رہنما نے کہا کہ پہلے بھی کہتے تھے سندھ کی حکمران جماعت سب کر چکی ہے، ایم کیو ایم نے بائیکاٹ کیا، یہ نہ ہو کہ تمام جماعتیں الیکشن کو مسترد کر دیں، ہر یونین کونسل میں دھاندلی کی شکایت ملی ہیں۔