چاقو کے روز پرآٹھویں کے طالبعلم کی چھٹی کلاس کی طالبہ سے شادی رچانے کی کوشش
یوتھ ویژن نیوز ( ویب ڈسک سے )بھارت میں آٹھویں جماعت کے طالب علم نے گھر میں داخل ہوکر چاقو کے زور پر چھٹی کلاس کی طالبہ کی مانگ میں سندور بھر دیا۔
بھارت میں آئے روز انہونے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں بالخصوص شادی کی تقریبات کے حوالے سے تو ایسے واقعات سامنے آتے ہیں جو دنیا میں کہیں وقوع پذیر نہیں ہوتے۔ گزشتہ دنوں بھی ایسا ہی کچھ ہوا جب آٹھویں جماعت کے طالبعلم نے چاقو کے زور پر زبردستی اپنی اسکول فیلو سے شادی کی کوشش کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اپنی نوعیت کا یہ انوکھا واقعہ ریاستت اتر پردیش میں رونما ہوا ہے جہاں آٹھویں جماعت کا طالبعلم اپنی اسکول فیلو اور چھٹی جماعت کی طالبہ کے گھر میں داخل ہوا اور چاقو کے زور پر زبردستی اس کی مانگ میں سندور بھر دیا۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ لڑکا اپنے دوست کے ہمراہ لڑکی کے گھر پہنچا تھا اور دیوار پھلانگ کر جب گھر میں داخل ہوا تو اس وقت لڑکی گھر کی صفائی میں مصروف تھی۔ لڑکے نے لڑکی کی گردن پر تیز دھار چاقو رکھا اور اس کی مانگ میں سندور بھر دیا۔ اس موقع پر لڑکی نے شور مچایا تو اہل خانہ وہاں آگئے تاہم لڑکا ان کے آنے سے قبل ہی وہاں سے رفوچکر ہوگیا۔
لڑکی کے والد نے تھانے میں شکایت درج کرائی اور پولیس کو بتایا کہ مذکورہ لڑکا اسکول میں بھی اس کی بیٹی کو تنگ کرتا تھا جس پر ہم نے اسکول ہی تبدیل کرا دیا لیکن اس کے بعد وہ ہمارے گھر ہی آن دھمکا۔
پولیس شکایت پر سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے موٹر سائیکل کا پتہ لگاتے ہوئے ملزم لڑکوں تک پہنچ گئی اور انہیں گرفتار کرکے بچوں کی جیل منتقل کردیا گیا ہے۔
گرفتار لڑکے کا کہنا ہے کہ وہ اس لڑکی سے محبت کرتا تھا اور اسی سے شادی بھی کرنا چاہتا تھا۔