نزلہ زکام کا علاج گھریلو ٹوٹکے سے ممکن ؟
موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی کھانسی زکام کی شکایات میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے اور اگر اس کا صحیح علاج نہ کیا جائے تو یہ تکلیف کئی دنوں تک جاری رہ سکتی ہے۔
انڈین این ڈی ٹی وی کے مطابق کچھ گھریلو ٹوٹکوں کے استعمال سے بھی نزلہ زکام اور کھانسی کا علاج کیا جا سکتا ہے۔
نزلہ زکام میں سر درد اور تھکن کے ساتھ ساتھ روز مرہ کے فرائض نبھانا مشکل ہو جاتا ہے۔
اس لیے ضروری ہے کہ زکام کے شروع ہوتے ہی ایسی ترکیبیں اپنائی جائیں کہ بڑھنے سے پہلے ہی ختم ہو جائے۔
ہلدی سے نزلے کا علاج
ہلدی کے اندر ’کرکیومن‘ نامی ایک جز پایا جاتا جو بیکٹیریا اور وائرس کا مقابلہ کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔
اس کے علاوہ بھی کرکیومن بہت سی بیماریوں کے علاج میں مددگار ثابت ہوتا ہے جیسا کہ خشک کھانسی۔
اگر ہلدی میں کالی مرچ شامل کر دی جائے تو اسے کرکیومن کو بھی انسانی جسم میں جذب ہونے میں مدد ملتی ہے۔
مالٹے کے جوس یا گرم دودھ میں ایک چمچ ہلدی اور ایک بٹا آٹھ چمچ کالی مرچ ملا کر بھی پیا جا سکتا ہے۔
ناک میں نمک والا پانی ڈالنا
اگر سانس لینے میں دشواری ہوتی ہے یا ناک بند رہتا ہے تو نمک والا نیم گرم پانی ناک کی نالیوں میں ڈالنے سے فائدہ ہو سکتا ہے۔ لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ جس برتن میں بھی پانی اور نمک ڈالیں وہ اچھی طرح سے دھلا ہوا ہو۔
نمک والے پانی کے غرارے کرنے سے بھی گلے کو سکون ملتا ہے۔
زیادہ سے زیادہ مشروبات پینا
اگر آپ کے جسم میں پانی کی مقدار کافی ہے، تو ہی جسم میں بیماریوں کے خلاف لڑنے کی سکت بھی پیدا ہو گی۔
بیماری کے دوران ویسے تو پانی پینا بھی مشکل لگتا ہے لیکن کسی نہ کسی قسم کے مشروبات جیسے جوس، پانی یا چائے لیتے رہنا چاہیے۔
لیکن کوئی بھی ایسا مشروب لینے سے گریز کریں جس میں چینی کی مقدار بہت زیادہ ہو۔ گرما گرم یخنی یا سوپ سے نہ صرف گلے کو آرام ملتا ہے بلکہ جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے کا بھی ایک اچھا ذریعہ ہے۔
نمی کا تناسب بڑھائیں
اگر ماحول میں نمی کا تناسب کم ہے تو یہ خشک کھانسی میں اضافے کا سبب بھی بنتا ہے۔ سردیوں کے موسم میں کمرے بند رکھنے اور ہیٹر لگانے سے آب و ہوا خشک ہو جاتی ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ کمرے میں ہیومیڈیفائر رکھ لیں جو وقفے وقفے سے ہوا میں بخارات پھینکتا رہتا ہے جس سےماحول میں کچھ حد تک نمی پیدا ہوتی ہے۔
ملٹھی کا استعمال
طبی خصوصیات سے مالا مال جڑی بوٹی ’ملٹھی‘ زمانہ قدیم سے کھانسی کے علاج کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔
اگر گلا خراب ہے، سوزش کی شکایت ہے یا پھر بہت زیادہ کھانسی ہے تو ملٹھی کو چبانے سے آرام محسوس ہوگا۔
وٹامن سی سے بھرپور غذائیں
وٹامن سی سے بھرپور پھل یا سبزیاں قوت مدافعت بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں اور وائرس سمیت دیگر بیماریوں کے خلاف ڈھال بنتی ہیں۔
سردیوں میں آملہ کھانا، مالٹے کا جوس یا پانی میں لیموں ملا کر پینے سے بھی جسم میں وٹامن سی کی کمی پوری پو سکتی ہے جس سے نزلہ زکام لگنے کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔