قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف کی جمہوریہ قزاخستان کی سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری اسیت اسیکیشیف سے ملاقات
اسلام آباد۔۔ (یاسرملک سے ):قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف نے جمہوریہ قزاخستان کی سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری اسیت اسیکیشیف سے نور سلطان میںملاقات کی ہے ،ملاقات کے دوران انہوں نے افغانستان سمیت علاقائی و عالمی امور اور باہمی تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے ۔
جمعہ کو موصولہ بیان کے مطابق مذاکرات میں تجارت اور معاشی تعلقات ، دفاعی شعبہ میں تعاون ، دہشتگردی کے خلاف جنگ اور منشیات کی روک تھام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر توجہ مرکوز کی گئی ۔ علاقائی روابط سے متعلق ڈاکٹر معید یوسف نے پاکستان کی جانب سے جغرافیائی معیشت کی جانب منتقلی اور اس حوالے سے وسطی ایشیاء کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ۔
ملاقات کے دوران فریقین نے پاکستان اور قزاخستان کے درمیان فضائی اور زمینی رابطوں پر بھی توجہ مرکوز کی گئی اور اس سلسلے میں بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ۔افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے فریقین نے افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے اور افغان عوام کی مدد کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ۔
جمہوریہ قزاخستان کی سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری اسیت اسیکیشیف نے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جس میں قزاخستان کے صدر کے بین الاقوامی تعاون کے لئے خصوصی نمائندے نے بھی شرکت کی ۔ ڈاکٹر معید یوسف نے قزاخستان کے وزیر تعلیم و سائنس سے بھی ملاقات کی اور طالب علموں کے تبادلے اور تھنک ٹینک کے تعاون سمیت اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ڈاکٹر معید یوسف نے قزاخستان کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں ڈپٹی کمانڈنٹ نے بریفنگ دی ، مشیر قومی سلامتی نے این ڈی یو کے احاطے میں پاکستان ملٹری آرٹ روم کا بھی دورہ کیا جس کی پاکستان کی جانب سے تزائین و آرائش کی گئی ہے