الجہاد ڈویژن بہاول پور کور کی سالانہ جنگی مشقوں اور فیلڈ فائر کا انعقاد بہاول پور کے نزدیک خیرپورٹامیوالی رینجزکے مقام پر کیا گیا
بہاول پور: ( علی رضا غوری سے )الجہاد ڈویژن بہاول پور کور کی سالانہ جنگی مشقوں اور فیلڈ فائر کا انعقاد بہاول پور کے نزدیک خیرپورٹامیوالی رینجزکے مقام پر کیا گیا۔ان مشقوں میں پیدل فوج (انفینٹری)، رسالہ (آرمر)،توپ خانہ جات(آرٹلری)،ایوی ایشن اور ائیرفورس یونٹس نے شرکت کی۔مشقوں کا مقصد افواج کو مختلف ہتھیاروں کے استعمال اور جنگی ماحول سے روشناس کرانا تھا۔مشقوں کے اختتام پر تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا
جس کے مہمان خصوصی میجر جنرل تبسم حبیب (GOC 14 Div) تھے۔اس موقع پربریگیڈیئر امیر مگرم الشعری کی سربراہی میں سعودی عرب کے بری افواج کے ایک وفد نے بھی جنگی مشقوں کا مشاہدہ کیا اور پاک فوج کی جنگی صلاحیتوں اور فائرنگ کے اعلی معیار کی تعریف کی۔مشقوں کی اختتامی تقریب میں ضلع بہاول نگر اور پاکپتن کے مختلف سکولوں،کالجوں اور مدارس کے طلباء وطالبات اور شرکاء کے لیے فائٹر جیٹ،ٹینک،آرٹلی گنز اور مختلف چھوٹے ہتھیاروں اور آلات کے بارے میں آگاہی کے لیے نمائش کا انتظام بھی کیا گیاجس میں شرکاء کو ہتھیاروں اور آلات کے استعمال کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل تبسم حبیب نے تقریب کے شرکاء کے ساتھ گفتگو کی اور ملکی دفاع کے لیے ان کے عزم کو سراہا۔شرکاء نے بھی ملکی سلامتی اور تعمیر وترقی میں پاک فوج کے کردار کی تعریف کی اور ملکی دفاع کے لیے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔