حکومت اور وزارت اطلاعات ورکنگ جرنلسٹس کے پیچھے کھڑی ہیں، سابق دور میں من پسند صحافیوں اور کچھ میڈیا گروپس کو نوازا گیا، مریم نواز اس کا اعتراف کر چکی ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی آر آئی یو جے کے وفد سے گفتگ

fawad chaudary 1


اسلام آباد۔(یاسر ملک سے ):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت اور وزارت اطلاعات ورکنگ جرنلسٹس کے پیچھے کھڑی ہیں، پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ 2021ءکی منظوری کے بعد حکومت اور میڈیا ہائوسز کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے، سابقہ دور حکومت میں من پسند صحافیوں اور کچھ میڈیا گروپس کو نوازا گیا جس کا اعتراف مریم نواز اپنی پریس کانفرنس میں کر چکی ہیں، کسی پرائیویٹ شخص کی جانب سے سرکاری وسائل اور اختیارات کا استعمال غیر قانونی ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ 2021ءکی تیاری میں صحافتی تنظیموں سمیت تمام صحافتی گروپوں کے ساتھ مشاورت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں صحافیوں کو مافیاز کے ہاتھوں قتل اور زخمی ہونے کے واقعات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، میڈیا پروفیشنلز ایکٹ 2021ءکی منظوری کے بعد اب حکومت اور میڈیا ہائوسز کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کی ضرورت ہے، صحافیوں کو اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ کوئی بھی خبر حقیقی تناظر میں دی جائے۔ انہوں نے اس تاثر کو رد کیا کہ پاکستان میں پریس کو آزادی حاصل نہیں، ہم اپنے میڈیا کی آزادی کا موازنہ فرسٹ ورلڈ سے کرتے ہیں جبکہ حقیقت میں ہمارے ہاں میڈیا کو فرسٹ ورلڈ سے بھی زیادہ آزادی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں من پسند صحافیوں اور کچھ میڈیا گروپس کو نوازا گیا جس کا اعتراف مریم نواز اپنی پریس کانفرنس میں کر چکی ہیں، کسی پرائیویٹ شخص کی جانب سے سرکاری رقوم اور اختیارات کا استعمال غیر قانونی ہے، حکومت اس ضمن میں تحقیقات کر کے رپورٹ عوام کے سامنے پیش کرے گی۔

اس موقع پر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) نے ورکنگ جرنلسٹس کے حقوق کے تحفظ کے لئے پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ 2021ءمنظور کروانے پر حکومت بالخصوص وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کی کاوشوں کو سراہا۔ آر آئی یو جے نے سابقہ دور حکومت میں من پسند صحافیوں اور مخصوص میڈیا ہائوسز کو نوازنے کے حوالے سے مریم نواز کے اعتراف اور اقدام کی مذمت کی۔

وفد نے وفاقی وزیر اطلاعات کو صحافیوں کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا، وفاقی وزیر اطلاعات نے ان کے مسائل سنے اور ہر ممکن حل کی یقین دہانی کرائی۔ آر آئی یو جے کے وفد کی قیادت آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کنفیڈریشن (ایپنک) لوکل کے چیئرمین اور آر آئی یو جے کے جنرل سیکریٹری محمد صدیق انظر نے کی جبکہ دیگر اراکین میں آر ائی یو جے کے قائم مقام صدر رانا رضوان، عثمان خان، فرحت فاطمہ اور میڈیا ورکرز آرگنائزیشن کے صدر کلیم شمیم سمیت دیگر تنظیموں کے عہدیداران شامل تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں