صفائی ہمارے ایمان کا جزو لازم ہے،سیکرٹری بلدیات جنوبی پنجاب

یوتھ ویژن نیوز ( واصب غوری سے )سیکرٹری بلدیات جنوبی پنجاب محمد امین اویسی نے کہا ہے کہ صفائی ہمارے ایمان کا جزو لازم ہے اور آج یہ پیغام شہریوں تک پہنچانے کہ اشد ضرورت ہے۔محکمہ بلدیات جنوبی پنجاب بی ڈبلیو ایم سی، پارکس اینڈ ہارٹی کلچر و دیگر محکموں کے تعاون سے نئے سال کے پہلے ہفتے میں کلین اینڈ گرین بہاولپور مہم کا آغاز کرے گی۔انہوں نے یہ بات آج یہاں اپنے آفس میں کلین اینڈ گرین بہاولپور مہم کے سلسلے میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اختر کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے دوران کہی۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات و پی ایس او سیکریٹری بلدیات محمد اعجاز لاشاری،منیجر آپریشن کمپنی محمد امتیاز اللہ بٹر،منیجر ایم آئی ایس کمپنی عرفان محمود، اسسٹنٹ منیجر کمیونیکیشن سید احسن رضا بھی بریفنگ میں موجودتھے۔قبل ازیں سی ای او کمپنی محمد نعیم اختر نے سیکرٹری بلدیات کو کلین اینڈ گرین بہاولپور مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری بلدیات کی سربراہی میں کلین اینڈ گرین بہاولپور مہم کانئے سال کے پہلے ہفتے سے آغاز کیا جائے گا جو ایک ماہ پرمحیط ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران شہر کے داخلی و خارجہ راستوں پر صفائی کا گرینڈ آپریشن کیا جائے گا اور پی ایچ اے کے تعاون سے پودے لگائے جائیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ کلین اینڈ گرین مہم کے دوران شہر کے بازاروں میں ہر دکان تک صفائی کا پیغام پہنچایا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ مہم کے دوران شہر ی صفائی میں خاطرخواہ بہتری کے لیے شہریوں کوگھر گھر بھی صفائی سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔سیکریٹری بلدیات محمد امین اویسی نے بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان کو درپیش ماحولیات چیلنجز سے نبردآزماء ہونے کے لیے سب کو مل کر کاوش کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صفائی اور شجر کاری وقت کی اشد ضرورت ہے اور کلین اینڈ گرین بہاولپور مہم کے دوران شہریوں،سول سوسائٹی کی شراکت داری کو لازمی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں میں صفائی کے حوالے سے شعور و بیداری کے لیے سوشل میڈیا سے بھرپور استعفادہ حاصل کیا جائے۔