آذربائیجان اور پاکستان کی دوستی ہمالیہ سے بلند ہے,گورنر پنجاب

یوتھ ویژن نیوز ( عمران قذافی سے)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ آذربائیجان اور پاکستان کی دوستی ہمالیہ سے بلند ہے
اور دونوں ممالک کے درمیان پیار محبت اور بھائی چارے کا رشتہ ہے جسے کبھی آنچ نہیں آ سکتی، آج کی تقریب کا مقصد اردو ادب کا فروغ اور اردو ادب کی دو ہستیوں جن میں پروین شاکر اور ساغر صدیقی ہیں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، ایسی تقریبات سافٹ ڈپلومیسی میں مثبت کردار ادا کرتی ہیں، وزارت اطلاعات و نشریات اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کا یہ اقدام خوش آئند ہے جو کہ ادبی فن کو پروان چڑھائیں گے۔ وہ پیر کے روز گورنر ہائوس میں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشن وزارت اطلاعات و نشریات اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے اشتراک سے ماہ نو کے ساغر صدیقی نمبر اور پروین شاکر نمبر آذربائیجان کے عظیم شاعر نظام گنجوی کی کتاب کے اردو ترجمہ کی تقریب رونمائی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادو ، صدر نیشنل اکیڈمی آف سائنسز عیسیٰ حبیبی ،ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشن عمرانہ وزیر ، وائس چانسلر جی سی یو ڈاکٹر اصغر زیدی ،شاعر ،مصنف ،ادیب اور دیگر اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پروین شاکر اور ساغر صدیقی دو ایسی شخصیات ہیں جنہوں نے اردو ادب پر گہرا اثر ڈالا ہے ان دونوں شخصیات کو ہمارے درمیان زندہ رکھنے کیلئے اور ان کیلئے تقریب منعقد کرنے کیلئے ماہ نو ، ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشن اور وزارت اطلاعات و نشریات کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند نے غزلیہ شاعری میں جو نام ابھرے ہیں ساغر صدیقی ان میں سے ایک اہم نام ہے۔ اتنی کسمپرسی کے حالات میں بھی وہ سحر انگیز شاعری کیا کرتے تھے۔ انہوںنے اپنے دکھوں کا اظہار شاعری میں ایسی خوبصورت انداز میں کیا کہ ان کی شاعری نے انہیں امر کر دیا جس کی وجہ سے آج ہم نے یہ محفل سجائی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ عالمی شہرت یافتہ شاعرہ پروین شاکر اردو ادب میں پاکستان کا سرمایہ ہیں۔ انہوں نے اردو ادب میں شاعری کو نیا انداز دیا ان کی شاعری میں عشق و محبت ، ہجرو وصال جیسے جذبات کا خوبصورت اور نسائی اظہار ملتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشن کو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے اور آذربائیجان کے مشہور عالمی شہرت یافتہ شاعر نظام گنجوی پر کتاب کا اردو ترجمہ کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج اس موقع پر آذربائیجان کا وفد جبکہ باقی ملکوں کے بھی شرکاء موجود ہیں اور ایسی تقریبات سافٹ ڈپلومیسی میں مثبت کردار ادا کرتی ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان کی دوستی ہمالیہ سے بلند ہے اور دونوں ممالک کے درمیان پیار محبت اور بھائی چارے کا رشتہ ہے جسے کبھی آنچ نہیں آ سکتی،انہوں نے کہا کہ انہیں آذربائیجان جا کر اندازہ ہوا کہ وہاں کے لوگ پاکستانیوں سے کتنی محبت کرتے ہیں۔قبل ازیں عیسیٰ حبیبی ،اصغر زیدی، صائمہ ارم ، پروفیسر شہزاد اور پروفیسر امجد طفیل نے بھی ساغر صدیقی اور پروین شاکر پر روشنی ڈالی۔ بعدازاں گورنر پنجاب نے آذربائیجان کے سفیر کو ماہنامہ ماہ نو کے ساغر صدیقی و پروین شاکر نمبر دیئے جبکہ صدر نیشنل اکیڈمی آف سائنسز عیسیٰ حبیبی نے آذربائیجان کا روایتی قالین اور شاعر نظام گنجوی کی کتاب گورنر پنجاب کو پیش کی۔