اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس، پی ٹی آئی نے سفارشات تیار کرلیں
یوتھ ویژن نیوز(یاسر ملک سے )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر سفارشات تیار کر لیں گئیں ہیں جبکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دعوت نامے بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دعوت نامے جاری کردیئے گئے ہیں جو کہ کل ڈھائی بجے 90 شاہراہِ قائد اعظم ایوان وزیراعلیٰ میں ہوگا۔
پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس دوران ارکان اسمبلی سے اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر رائے لی جائے گی ۔
علاوہ ازیں عمران خان پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کریں گے اور پارٹی کو آئندہ لائحہ عمل بارے اعتماد میں لیں گے۔
اسمبلیوں کی تحلیل یا استعفوں سے متعلق تحریک انصاف کی اعلیٰ سطحی کمیٹی نے اپنی سفارشات تیار کر لیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق پارٹی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت کمیٹی کے اجلاس میں سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جس میں کمیٹی کے ارکان کی جانب سے 20 دسمبر تک اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران اجلاس پنجاب سے تعلق رکھنے والے کچھ ارکان نے فوری اسمبلیاں تحلیل نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ارکان کی آراء کے مطابق اسمبلیوں کی تحلیل ایسے وقت کی جائے جب وفاقی اور دیگر دو صوبوں کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کے لیے دباؤ بڑھ سکے دوسری جانب دیگر اراکین کا کہنا ہے کہ اس وقت حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے اربوں روپے مالیت کی ٹنڈرز ہوچکے ہیں اور متعدد حکومتی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔
خیال رہے کہ کمیٹی کی سفارشات پر پارلیمانی بورڈز کے اجلاسوں کے بعد تاریخ کا حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔