صدرمملکت کےغیرملکی سازش کے بیانیےکورد کرنےکےبعدعمران خان کابیانیہ دم توڑگیا ہے،سعد رفیق

یوتھ ویژن نیوز (قاری عاشق حسین سے ):مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ،وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے غیر ملکی سازش کے بیانیے کو رد کرنے کے بعد عمران خان کا غیر ملکی سازش کا بیانیہ دم توڑ گیا ہے۔ بدھ کے روز لاہورکی احتساب عدالت میں پیشی پرمیڈیا سے گفتکو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان نے اقتدارکیلئے گھٹیا سازش کی ،یہ لوگوں کو گمراہ کرتااور ریاست کیخلاف اکساتا ہے،اب توصدر عارف علوی نے بھی کہہ دیا ہے کہ کوئی سازش نہیں تھی جس کے بعد غیر ملکی سازش کا بیانیہ بھی دم توڑ چکا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان مقبولیت کا جو ڈیزائن بنایا گیا تھا وہ گرگیا ہے، عمران خان بتائیں خیبر پختونخوا حکومت نے ابتک سیلاب زدگان کیلئے کیا کیا، سوات میں انکے ساتھ کیا ہوا، ان کے مئیرتک کو بات نہیں کرنے دی گئی، عمران خان اپنی آڈیو کا ٹیسٹ کروائیں، دعوے نہ کریں۔وفاقی وزیرریلوے نے کہا کہ گذشتہ دور حکومت میں ہم پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے۔ خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ انہیں اپنے خلاف کیس میں انصاف کی توقع ہے اور اس سے سرخرو ہونگے۔