پیرو میں 7.5 درجے شدت کا زلزلہ ، 10افراد زخمی، 75 گھروں کو نقصان پہنچا،کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی
لیما۔29نومبر (عمران منیر قذافی سے): جنوبی امریکی ملک پیرو میں 7.5 درجے شدت کے شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں 10افراد زخمی ہو گئے جبکہ نوآبادیاتی دور کا 14 میٹر بلند چرچ ٹاور منہدم ہونے سمیت 75 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے نے پیرو کے زلزلہ پیما مرکز کے حوالے سے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے گزشتہ روز دارالحکومت لیما، جنوبی امریکی پہاڑی سلسلے اینڈیان کے علاقوں اور ساحلی علاقوں سمیت ملک کے نصف حصے میں محسوس کیے گئے
جس کی گہرائی زیر زمین 131 کلومیٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکزپیرو کے ایک چھوٹے صوبہ کونڈورسنکوئی کےدارالحکومت سانٹا ڈی نیوا کے مشرق میں 98کلومیٹر کے فاصلے پر تھا ۔ سول ڈیفنس کے حکام نے بتایا کہ زلزلے کے باعث 10افراد زخمی ہو گئے جبکہ 75گھروں کو نقصان پہنچا ہے ۔
زلزلے کے باعث پڑوسی ملک ایکواڈور میں بھی نقصان ہوا ہے۔ سانٹا ڈی نیوا کے میئر ہیکٹر ریکوئیجو نے بتایا کہ زلزلے کے باعث ضلع لا جلکا میں نوآبادیاتی دور کا 14 میٹر بلند چرچ ٹاور منہدم ہو گیاجبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور زلزلے کے باعث پتھر گرنے سے کئی سڑکوں میں شگاف پڑ گئے۔ پ
یرو کے صدر نے متعلقہ وزارتوں کو احکامات جاری کیے ہیں کہ وہ فوری اقدامات کریں۔ امریکی مانیٹرز نے سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی ۔بڑے زلزلے سے قبل دارالحکومت لیما میں 5.2 درجے شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے تاہم اس میں کیس جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں تھیں۔