گورنر پنجاب کی ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سےملاقات سیلابی صورتحال پر گفتگو

یوتھ ویژن نیوز(واصب غوری سے )گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی اور وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات شاہ زین بگٹی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک میں سیلاب کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی اور انہیں اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لئے ہر ممکن وسائل کو بروئے کارلارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے جس بھی حصے میں سیلاب سے تباہی آئی ہے وہاں سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پبلک اور پرائیوٹ یونیورسٹیوں کی طرف سے سیلاب متاثرین کو امدادی سامان بھیجا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں میڈیکل یونیورسٹیوں کی جانب سے میڈیکل کیمپس بھی لگائے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نیب کے2 پراسیکیوٹرزاپنےعہدوں سے مستعفی
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے یونیورسٹیوں میں کنسورشیم قائم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات میں بین الاقوامی سند یافتہ ماہرین موسمیات کی آرا پر مبنی ایکشن پلان بنانے کی طرف یہ پہلا قدم ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جن مشکل ترین حالات میں اتحادی حکومت نے ملک کا انتظام و انصرام سنبھالا ہے وہ لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاست کی پرواہ کیے بغیر ملک کی بہتری میں مشکل فیصلے کرنا ان جماعتوں کی حب الوطنی کی دلیل ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی ملکی اداروں کی مضبوطی اور استحکام میں ہے جبکہ وفاقی وزیر شاہ زین بگٹی نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنا ہے اور ملک کو اگے لے کر جانا ہے ۔