ن لیگ نے عدلیہ اور فوج پر دبائوڈالنے کیلئے منظم مہم چلائی، فواد چوہدری
لاہور۔(واصب ابراہیم غوری سے): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ن لیگ نے عدلیہ اور فوج پر دبائوڈالنے کے لئے منظم مہم چلائی، جعلی ویڈیوز اور آڈیوز سامنے لانا ن لیگ کا وطیرہ بن چکا ہے، جب بھی مریم نواز اور نواز شریف کے مقدمات آخری مراحل میں پہنچتے ہیں تو انہیں سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، رانا شمیم ن لیگ کے عہدیدار تھے، انہیں گلگت بلتستان کا چیف جسٹس لگایا گیا اور ان سے مرضی کے بیان حلفی لئے گئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ رواں ہفتے اچھی خبروں کا سلسلہ جاری رہا، عدلیہ کے خلاف سازش بے نقاب ہوئی، جعلی ویڈیوز اور آڈیوز سامنے لانا ن لیگ کا وطیرہ بن چکا ہے، مریم نواز اور نواز شریف کے مقدمات جب آخری مراحل میں پہنچتے ہیں تو انہیں سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، عدلیہ کو ایسے معاملات کا نوٹس لینا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمران 25 سے 30 برس تک حکومت میں رہے اور ہر شعبے میں اپنے پروردہ شخص کو لگایا، رانا شمیم ن لیگ کے عہدیدار تھے، انہیں گلگت بلتستان کا چیف جسٹس لگایا گیا اور ان سے مرضی کے بیان حلفی لئے گئے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ مریم نواز کے جعلی کیلبری فونٹ کے بعد ن لیگ کا وطیرہ بن گیا ہے کہ وہ جعلی ویڈیوز، آڈیوز اور پوسٹیں تیار کر کے اداروں کے خلاف استعمال کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے عدلیہ اور فوج پر دبائوڈالنے کے لئے منظم مہم چلائی، اس مقصد کے لئے کچھ صحافیوں، اینکرز اور پرائیویٹ ٹویٹس کو استعمال کیا گیا،( ن) لیگ اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے نواز شریف کے خلاف مقدمات سے جان چھڑانا چاہتی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان لوگوں نے لوٹ مار کے ذریعے جائیدادیں بنائیں، عدالتوں میں اپنی پراپرٹی ثابت کرنے کے لئے ان کے پاس ثبوت نہیں ہیں۔
ملک کی معاشی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کی معاشی مشکلات میں جلد آسانیاں پیدا ہوں گی، پٹرول کی عالمی منڈی میں قیمتیں نیچے آئی ہیں جس کا اثر پاکستان پر بھی پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ رجحان جاری رہا تو اس کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ 3 ارب ڈالر کی فراہمی پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ آئی ایم ایف کا پروگرام بھی آخری مراحل میں ہے، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی کمی آ رہی ہے، مہنگائی میں مجموعی طور پر 0.67 فیصد کمی آئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ن لیگ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہر انتخاب چوری کیا، 1990ءمیں ن لیگ نے پیپلز پارٹی سے انتخاب چرایا جس کی سپریم کورٹ نے بھی مہر ثبت کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی تو انہی لوگوں سے ہاتھ ملا کر بیٹھی ہے جبکہ پی ٹی آئی اس معاملہ پر زیادہ متحرک ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز کو لگتا ہے کہ اگر جعلی ویڈیوز ان کے کیس کو مضبوط کرتی ہیں تو وہ اسے عدالت میں پیش کر دیں۔