کمراٹ میں پھنسے سیاحوں کی دہائی، لڑکی نے انتظامیہ کی بےحسی کا پول کھول دیا
یوتھ ویژن نیوز ( ویب ڈسک ) حالیہ بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے ملکی تاریخ کے بدترین سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے۔ پنجاب سے طلباء کا ایک گروہ سیروسیاحت کے لیے کمراٹ گیا۔ جہاں وہ شدید بارشوں اور راستے منقطع ہونے کی وجہ سے پھنس گیا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے، جس میں ان طلباء کے گروہ کو دکھایا جارہا ہے۔ جن میں لڑکیوں کی بھی ایک تعداد کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔
ویڈیو میں ایک لڑکی پیغام دے رہی ہے کہ وہ دو دن سے کھلے آسمان تلے بارش میں پھنسے پڑے ہیں لیکن ان کو بچانے والا کوئی نہیں ہے۔ پیغام میں اس کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ دو دن سے انہوں نے انتظامیہ کو جتنے فون کرنے تھے یا کروانے تھے کروا کر دیکھ لیے لیکن ان کو بچانے کوئی نہیں آیا۔ کیا حکومت سو رہی ہے؟ کوئی بھی نہیں آرہا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے پاس پینے کا پانی ختم ہوچکا ہے، غذائی قلت کا بھی سامنا ہے اور وہ بہت ناامید ہوچکے ہیں۔ آخر میں وہ کہتی ہے کہ اب ان کی آخری امید سوشل میڈیا ہے کیونکہ نہ جانے کل تک وہ لوگ رہتے بھی ہیں یا نہیں۔