ضلع بھر میں فیکٹریوں، بھٹہ خشت ودیگر مقامات پر کام کرنے والے مزدوروں کا معاشی و معاشرتی تحفظ نہ صرف حکومت بلکہ ہم سب کی قومی، مذہبی و اخلاقی ذمہ داری ہے، نعمان یوسف
رحیم یار خان(شمیل مرزا سے) ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں فیکٹریوں، بھٹہ خشت ودیگر مقامات پر کام کرنے والے مزدوروں کا معاشی و معاشرتی تحفظ نہ صرف حکومت بلکہ ہم سب کی قومی، مذہبی و اخلاقی ذمہ داری ہے جس سے کسی صورت روگردانی نہیں کی جا سکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ویجی لنس کمیٹی برائے بانڈڈ لیبر کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)ریاست علی، ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر سمیت مزدور تنظیموں کے رہنماؤں، محکمہ قانون، سوشل ویلفیئر، نادرا، احساس سمیت دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موجودہ حکومت مزدور طبقہ کو معاشی ریلیف کی فراہمی اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کی حکومتی فلاح منصوبوں اور بچوں کی تعلیم تک رسائی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر کو ہدایت کی کہ وہ اپنی سربراہی میں محکمہ سوشل سیکورٹی، اٹارنی، نادرا، احساس پروگرام اور مزدور تنظیموں کے رہنماؤں کی میٹنگ فوری کال کرتے ہوئے ضلع بھر میں موجود مزدوروں اور ان کی فیملیز کے شناختی کارڈ، بچوں کے (ب) فارم بنانے کے لئے اقدامات اٹھائیں تاکہ شناختی کارڈ ہولڈرز مزدور خاندان حکومتی ریلیف اقدامات سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ بھٹہ خشت پر کام کرنے والے خاندانوں کے شناختی کارڈ بنوانے میں بھٹہ خشت یونین کے عہدیداران تعاون کریں تاکہ ان خاندانوں کی حکومت کے احساس پروگرام میں شمولیت یقینی بنائی جاسکے اور مزدور براہ راست حکومتی امدادی اقدامات سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ جبری مشقت کسی صورت قبول نہیں اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی اقدامات کئے جائیں اور آئندہ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر تمام محکموں کی موجودہ میٹنگ میں ہونے والے فیصلوں کی روشنی میں کارکردگی رپورٹ کے ساتھ بریفنگ دیں گے۔