ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام کرپشن کے خلاف آگاہی مہم کے سلسلے میں گورنمنٹ عباسیہ ہائر سیکنڈری سکول میں ضلعی سطح پر تقریری مقابلہ جات کا انعقاد
بہاول پور: (قاری محمد عاشق حسین سے)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام کرپشن کے خلاف آگاہی مہم کے سلسلے میں گورنمنٹ عباسیہ ہائر سیکنڈری سکول میں ضلعی سطح پر تقریری مقابلہ جات منعقدہوئے۔ جن میں ڈویژن بھر سے گورنمنٹ اور پرائیویٹ سکولوں کے طلبا و طالبات شریک ہوئے۔ پرائمری اور سیکنڈری سطح کے الگ الگ مقابلے میں میں شرکاء نے”دیانت داری میں عزت، بدعنوانی میں ذلت، عزت دولت سے بہتر اور کرپشن کے خاتمے کے لیے ہاتھ ملائیں“کے موضوعات پر اظہار خیال کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی بہاول پور ظہور احمد چوہان نے اس موقع پر اظہار خیال کے دوران نوجوانوں کو متحد ہونے اور کرپشن کے خلاف اپنا کرداراداکرنے پر زور دیا تاکہ مستقبل میں خوشحالی آئے اور ملک ترقی یافتہ اور مستحکم ہو۔ان تقریری مقابلہ جات میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ہوت والا بہاول پور کی کلاس پنجم کی طالبہ اُم فروہ نے پرائمری سطح جبکہ گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول ضلع رحیم یارخاں کی طالبہ گلناز اسد سیکنڈری سطح کے مقابلہ جات میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔