پاکستان سٹاک ایکسچینج کی طرف سے آئی سی سی آئی میں آگاہی سمینار کا انعقاد
اسلام آباد (ثاقب ابراہیم غوری سے) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج نارتھ اسلام آباد کے تعاون سے بزنس کمیونٹی کے لیے ایک آگاہی سمینار کا انعقاد کیا جس میں ان کو بتایا گیا کہ کس طرح ایس ایم ایز سٹاک ایکسچینج کے گراؤتھ انٹرپرائز مارکیٹ (جی ای ایم) بورڈ میں درج ہو کر آسانی سے فنڈز اکھٹا کر کے بہتر ترقی حاصل کر سکتی ہیں۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے ریجنل انچارج (نارتھ) اصغر عباس نقوی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری میں پی ایس ایکس میں درج ہونے کی اہمیت کے بارے میں آگاہی کا فقدان ہے حالانکہ سٹاک ایکس چینج ان کو کاروبار کی ترقی کیلئے فنڈز اکھٹا کرنے کا ایک بہترین متبادل فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹاک ایکس چینج کے گراؤتھ انٹر پرائز مارکیٹ بورڈ میں درج ہو کر ایس ایم ایز کو توسیع و ترقی، تنوع اور سرمائے کے حصول میں بہت مدد گار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹاک ایکس چینج کی کڑی شرائط کی وجہ سے ایس ایم ایز کیلئے اپنا اندراج کرانا مشکل تھا لہذا گراؤتھ انٹرپرائز مارکیٹ بورڈ ایس ایم ایز، گرین فیلڈ پراجیکٹس، ٹیکنالوجی سٹارٹ اپس اور دیگر چھوٹی کمپنیوں کو آسانی سے اندراج کی سہولت فراہم کرتا ہے تا کہ ان کو سرمایے تک آسان رسائی حاصل ہو اور وہ مطلوبہ فنڈز اکھٹا کر کے اپنے کاروبار کو بہتر فروغ دے سکیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ پلیٹ فارم سرمایہ کاروں بہتر ترقی کرتی ہوئی ایس ایم ایز میں سرمایہ کاری کرنے کی حوصلہ افزائی کرے گا جس سے ان کمپنیوں کو بھی ترقی کرنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے پاکستان سٹاک ایکس چینج کی طرف سے ایس ایم ایز کیلئے گراؤتھ انٹرپرائز مارکیٹ بورڈ کے قیام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کو بینکوں سے قرضہ حاصل کرنے میں مشکلات درپیش ہوتی ہیں لہذا سٹاک ایکس چینج نے پلیٹ فارم قائم کرکے ایس ایم ایز کو فنڈز اکھٹا کرنے کا ایک بہتر متبادل فراہم کر دیا ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ایس ایم ایز کو آسان مالی وسائل حاصل کرنے اور اپنے کاروبار کو مزید وسعت دینے کافی سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام کمپنیوں کے لیے سرمایہ بہت اہمیت رکھتا ہے اور امید ظاہر کی کہ چیمبر کی ممبر کمپنیاں سٹاک ایکس چینج کے جی ای ایم بورڈ میں درج ہو کر ترقی و توسیع کے لیے مزید کوششیں تیز کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم کے فراہم ہونے سے ایس ایم ایز کو اپنی مصنوعات کو متنوع بنانے، اپنی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ کرنے، نئے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے، اپنی مصنوعات کی قدر میں اضافہ کریں، برآمدات کو فروغ دینے اورورکنگ کیپٹل کی ضروریات کو پورا کرنے میں آسانی ہو گی۔
پاکستان سٹاک ایکس چینج نارتھ کے کنسلٹنٹ مظہر ارشد نے اس موقع پر کاروباری برادری کو گراؤتھ انٹرپرائز مارکیٹ بورڈ میں درج ہونے کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی اور اس کے فوائد سے آگاہ کیا۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ اور نائب صدر محمد فہیم خان نے آئی سی سی آئی میں آگاہی سیشن منعقد کرنے پر پاکستان سٹاک ایکس چینج نارتھ کے حکام کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ چیمبر کی ممبر کمپنیاں اس پلیٹ فارم سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔ اس موقع پر سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں تاجر برادری نے سٹاک ایکس چینج کے نمائندگان سے بہت سے سوالات کیے جن کے تسلی بخش جوابات دیئے گئے