غیر ملکی کاروباری ادارے پاکستان کی کاروبار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا جاپان، ناروے، پولینڈ اور کمبوڈیا کے نامزد سفرا سے گفتگو میں اظہار خیال
اسلام آباد۔(واصب ابراہیم غوری سے): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے غیر ملکی کاروباری اداروں پر پاکستان کی کاروبار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ زراعت، آئی ٹی، ٹیلی کمیونیکیشن، توانائی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، نامزد سفرا اپنے ممالک کے کاروباری اداروں کو سرمایہ کاری کے لیے پاکستان جیسی پرکشش منزل کی جانب راغب کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپان، ناروے، پولینڈ اور کمبوڈیا کے نامزد سفرا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
پیر کو جاپان کے نامزد سفیر مٹسو ہیرو واڈا، ناروے کے نامزد سفیر پیر البرٹ لساس، پولینڈ کے نامزد سفیر ماسیج پسارسکی اور کمبوڈیا کے غیرمقیم نامزد سفیر انگ سین نے صدر مملکت کو تقریب میں اپنی اپنی اسناد پیش کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے، دوست ممالک کے ساتھ تجارت کو اس کی مکمل صلاحیت تک لے جانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیرملکی کاروباری ادارے پاکستان کی کاروبار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں، زراعت، آئی ٹی، ٹیلی کمیونیکیشن، توانائی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ نامزد سفرا اپنے ممالک کے کاروباری اداروں کو سرمایہ کاری کے لیے پاکستان جیسی پرکشش منزل کی جانب راغب کریں۔
انہوں نے سفرا کو پاکستان کی کورونا کے خلاف سمارٹ لاک ڈاؤن کی کامیاب حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے افغانستان میں انسانی امداد کی فراہمی پر بھی زور دیا۔ صدر مملکت نے نامزد سفرا کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ سفرا سیاسی، تجارتی، سفارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے