بچوں کے حقوق کے تحفظ اورانہیں ملک کا مفید اورکارآمد شہری بنانے کیلئے برابری کے مواقع فراہم کرنے میں پرعزم ہیں، وزیراعظم عمران خان کابچوں کے عالمی دن کے موقع پرپیغام
اسلام آباد۔ (ثاقب ابراہیم غوری سے):وزیراعظم عمران خان نے بچوں کے حقوق کے تحفظ اورانہیں ملک کا مفید اورکارآمد شہری بنانے کیلئے برابری کے مواقع فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ہماری حکومت ہر بچے کے بشمول ترقی، تعلیم، حفظان صحت، شمولیت، عزت وووقارسمیت تمام حقوق کو یقینی بنانے میں پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات بچوں کے عالمی دن کے موقع پراپنے خصوصی پیغام میں کہی ہے جوآج ہفتہ کوپاکستان سمیت دنیا بھرمیں منایا جارہاہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ انہیں خوشی ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کربچوں کاعالمی منارہاہے۔ اس سال کیلئے اس دن کاموضوع ”ہربچے کیلئے ایک بہترمستقبل“رکھا گیاہے جوپاکستان کے بچوں کیلئے ہمارے عزم کا اعادہ کررہاہے۔وزیراعظم نے کہاکہ اپنے منشورکی روشنی میں ہماری پالیسیوں کامقصد آنیوالی نسلوں کی بہتری کیلئے ہیں۔
ہماری حکومت ہر بچے کے بشمول ترقی، تعلیم، حفظان صحت، شمولیت، عزت ووقارسمیت تمام حقوق کو یقینی بنانے میں پرعزم ہے۔بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہماری حکومت نے قومی کمیشن برائے حقوق اطفال اورزینب الرٹ رسپانس اینڈریکوری ایجنسی قائم کی ہے۔ بچوں کے تحفظ کے اداروں کاقیام عمل میں لایا گیاہے اورجبری مشقت کے خاتمہ کیلئے کئی قوانین متعارف کرائے گئے۔
وزیراعظم نے کہاکہ غذائی کمی کے شکاربچوں کیلئے غذائی معاونت اور ہیلتھ کارڈ کے ذریعہ یونیورسل ہیلتھ کئیرسمیت دیگررفاحی اقدامات بھی کئے گئے۔حکومت نے واحد قومی نصاب بھی متعارف کرایا، علاوہ ازیں احساس کے ذریعہ سماجی فلاحی پروگراموں کے ذریعہ بھی غربت کے خلاف بچوں کو سماجی تحفظ فراہم کیاجارہاہے۔
ان سب سے زیادہ اہمیت کاحامل کلین اینڈگرین پاکستان کا آغاز ہے جسے آنیوالی نسلوں کی بہتری کے خاطر شروع کیاگیا۔وزیراعظم نے کہاکہ اس دن کے موقع پرہم پاکستان کے بچوں کے حقوق کے تحفظ اورانہیں ملک کا مفید اورکارآمد شہری بنانے کیلئے برابری کے مواقع فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔