وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے کر تاریخ رقم کی ہے،ملک امین اسلم
حضرو۔ (واصب ابراہیم غوری سے):وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ صرف عمران خان ہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتے ہیں،پوری عالمی برادری عمران خان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار یونین کونسل تاجک کے گاؤں اعوان آباد میں تعمیر ہونے والی جنازہ گاہ اور سڑک کے افتتاح کے موقع پر کیا جن پر 80 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت بھی موجود تھی۔ملک امین اسلم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے کر تاریخ رقم کی ہے۔سابقہ حکومتیں اس بارے میں صرف باتیں کرتی رہیں جب کہ عمران خان نے عمل کرکے دکھایا ہے۔
بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور وہ اندرون ملک مقیم پاکستانیوں کی نسبت باہر رہ کر پاکستان کے لیے زیادہ درد رکھتے ہیں اس وقت بیرون ملک 90لاکھ پاکستانی ورکرز کام کر رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے ان کو ووٹ کا حق دلوا کر جہاد کیا ہے۔ملک امین اسلم نے کہا کہ سابق حکومتوں نے لوٹ مار کر کے باہر کے مہنگے علاقوں میں فلیٹ بنائے اور عوام کو غریب ومفلوک الحال چھوڑ دیا جب کہ عمران خان عوام کی فلاح و ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں۔