جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معیاری تعلیم کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

sadar 1 1 e1636980585735

کوئٹہ۔ (ثاقب غوری سے): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر قومیں ترقی نہیں کرتیں، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معیاری تعلیم کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں دارالفلاح میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر خاتون اول بیگم ثمینہ علوی، چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا اور ادارے کے فاونڈر ممبر اور ان کے پسماندگان بھی موجود تھے ۔

صدر مملکت نے 1926 میں قائم ہونے والے اس ادارے کی تعلیمی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں تعلیمی اداروں کے قیام اور فروغ کے لئے سر سید احمد خان سمیت مسلمان اکابرین کا کردار ایک درخشاں باب ہے جس کو جاری و ساری رکھنے کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات اور فلاحی اداروں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر میں فلاحی ادارے فروغ تعلیم کے لئے حکومت کا ہاتھ بانٹنے کے لئے تیار ہیں اور کچھ صوبوں میں نجی اداروں کی معاونت کے لئے ون لائن بجٹ کا تصور کامیاب رہا ہے ،نجی شعبے کو ذمہ داریاں دیکر بہتر تعلیمی نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔پاکستان تعلیم کے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا اس لئے ہمیں دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کرنا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ جو بچے روایتی تعلیم حاصل نہیں کرسکتے انہیں ہنر مندی کی تعلیم دیکر معاشرے کا کارآمد فرد بنانا ہوگا ،اس کے علاوہ خصوصی بچوں کو نارمل اسکولوں میں داخل کرکے انہیں بھی تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنے ہونگے تاکہ ان میں خود اعتمادی بحال ہو ۔

صدر مملکت نے طالب علموں کو نصیحت کی کہ وہ محنت و عزم سے تعلیم کے تسلسل کو جاری رکھیں اور پیشہ ورانہ تعلیمی مضامین کے ساتھ فزکس اور میتھ پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اس بات پر غور کرنا ہوگا کہ ہمارے بچوں کو جو تعلیم دی جارہی ہے اس کا معیار کیا ہے اور اس میں کس طرح بہتری لائی جاسکتی ہے ۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دارالفلاح کوئٹہ کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔انہوں نے کہا کہ دارالفلاح سمیت اس طرح کے فلاحی اداروں کی معاونت اور سرپرستی کی جائیگی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں