ملک وقوم کے جان ومال کے تحفظ کیلئے جانیں قربان کرنے والے پولیس شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ، شیخ رشید احمد
اسلام آباد: (مبین خان غوری سے):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک وقوم کے جان ومال کے تحفظ کیلئے جانیں قربان کرنے والے پولیس شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ،شہدا کے خاندانوں کی تمام تر ضروریات پوری کرنا ہماری ذمہ داری ہے ، شہدا پیکج کے تحت تمام واجبات کی ادائیگیوں کو یقینی بنایا جائے گا ، اسلام آباد پولیس میں دو ہزار خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دے دی گئی ہے جس سے نفری کی کمی کو کافی حد تک پورا کرنے کیلئے کامیاب ہوجائیں گے ، اسلام آباد میں جدید فرانزک لیب جلد اپنا کام شروع کردے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں شہدا اور دوران ڈیوٹی وفات پانے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشیداحمدنے اسلام آبادپولیس کے شہداء میں 4کروڑ 70لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیئے۔پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں شہداءاور دوران ڈیوٹی وفات پانے والے پولیس اہلکاروں کی فیملیزمیں چیک تقسیم کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ،مہمان خصوصی وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمداور آئی جی اسلام قاضی جمیل الرحمان تھے۔،تقریب میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز،اے آئی جی ،ایس ایس پی ہیڈ کوارٹر و دیگر پولیس افسران اور شہداءکے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے شہداءکی21 جبکہ دوران ڈیوٹی وفات پانے والے 14پولیس اہلکاروں کی فیملیز میں 4کروڑ 70لاکھ روپے کے چیک تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ شہداءپیکج تقسیم کررہا ہوں یہ قوم کا اثاثہ ہیں ان سے ہی وطن کی مٹی سرسبز ہوتی ہے میں ان ماﺅں کو سلام پپش کرتا ہوں جن کے بہادر سپوتوں نے ملک و قوم کی جا ن و ما ل کے تحفظ کے لئے فرائض کی انجام دہی کے دوران جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گر دوں کامقابلہ کر تے ہو ئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور شہادت کے بلند پایاں منصب پر فائر ہوئے ہم ان شہداءکی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
شہداءکی فیمیلیز کی تمام ضروریات کاخیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے شہداءپیکج کے بقایا جات بھی جلد ادا کر دئیے جائیں گے مزید انھوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس میں مزید 2ہزار خالی آسامیوں پر بھرتی کرنے کی منظوری دی گئی ہے جس کو دو مراحل میں بھرتی کیا جائے گا جس سے نفری کی کمی کو کافی حد تک پورا کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے،اسلام آباد میں جلد فورنزک لیب بھی جلد اپنا کام شروع کر دے گی ۔
اس سے قبل آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ کی کاوشوں سے اسلام آباد پولیس کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا گیا مزید اس پر کام جاری ہے مزید انھوں نے کہا کہ شہداءہمارا فخر ہیں وہ زندہ ہیں یہ ہمارا ایمان ہے، یہ ہمارے پولیس شہداءکے کارنامے ہیں کہ آج پاکستانی عوام اپنے گھروں میں سکون کی نیند سوتے ہیں، ہمارے افسران وجوان قانون شکن عناصر،جرائم پیشہ لوگوں،اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا نے کے لیے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ میں شہد اءکی مائوں، بہنوں اور بیوائوں کو سلام پیش کر تا ہوں کہ یہ آپ کی اعلیٰ تربیت کا نتیجہ ہے کہ یہ شیردل جوان فرائض کی ادائیگی کے دوران جان کی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ آپ کی رہنمائی اور سہولت کے لئے پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں شہدا ءکے نام پر خصوصی ڈیسک بھی قائم ہے، شہداءکے بچوں کو مفت تعلیمی و طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ملک کے نامور سکول اور لیبارٹریز سے معاہدے کئے گئے ہیں تاکہ ان کے بچے معیاری علاج معالجے کے ساتھ اعلی تعلیم بھی حا صل کر سکیں اس کے علاوہ عرصہ دراز سے عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے شہداءکے 286 بچوں کو مستقل بنیادوں پر مختلف شعبہ جات میں ملازمتیں فراہم کی گئیں۔