بھارتی فوج نے 6 سال میں سولہ سو ستانوے بے گناہ کشمیری شہید کر دیے
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی داستانیں جاری ہیں، ظالم فوج نے 6 سال میں 1 ہزار 697 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس نے حریت رہنما برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے اب تک کی رپورٹ جاری کر دی، کے ایم ایس کی رپورٹ کے مطابق 6 سال کے دوران شہید ہونے والوں میں 37 خواتین اور 122 نوجوان لڑکے بھی شامل ہیں، شہیدوں میں سے 189 افراد کو جعلی مقابلوں اور دورانِ حراست مارا گیا۔
مقبوضہ وادی میں بھارتی فوجیوں نے پرامن مظاہرین پر وحشیانہ تشدد بھی کیا، پُرامن مظاہرین پر گولیوں، پیلٹ اور آنسو گیس کے استعمال سے 29 ہزار 892 افراد شدید زخمی بھی ہوئے جبکہ ہزاروں حریت رہنما، نوجوان، خواتین اس وقت بھارت اور مقبوضہ وادی کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی نظر بندیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
یاد رہے حریت رہنما برہان وانی کا آج چھٹا یوم شہادت منایا جا رہا ہے، کشمیری نژاد امریکی آرکٹیکٹ ٹونی اشائی کا کہنا ہے کہ کشمیری نوجوان برہان وانی سے بے محبت کرتے ہیں، برہان وانی کی جرات و بہادری کو کشمیری عوام کبھی فراموش نہیں کریں گے، کشمیر کی تاریخ میں برہان وانی کو جرات اور مزاحمت کی علامت کے طور پر یاد کیا جائے گا۔